اسیرِ ذہن – فکر و نظر کے دریچے کھولنے والی ایک کتاب کا تعارف

ایک چیز مجھے بہت حیران کرتی ہے۔ چیزیں جس طرح واقع ہوتی ہیں، ان میں ایک کہانی بھی مخفی ہوتی ہے، اور ان چیزوں کی غایت بھی۔ اور کچھ نئی چیوزوں کا پتا بھی۔

اسی لیے میں سمجھتا ہوں کو چیزیں جس طرح قدم بہ قدم واقع ہوں، انھیں اسی طرح بیان کرنا چاہیے۔

اب ہوا یوں کہ مجھے اپنا ایک پرانا مضمون جو اپنے استدلال میں قریباً مکمل تھا، مگر سینت سنبھال اور نظم و ترتیب چاہتا تھا، اسے پورا کرنا تھا۔ اس کے جو نوٹس تھے، ان میں سے کچھ غالباً اِدھر اُدھر ہو گئے اور ملے نہیں۔ ان کا حوالہ ضروری تھا۔

کچھ میرے ذہن نے دھوکہ دیا۔ کسی پرانے ’’سویرا‘‘ میں ایک مضمون پڑھا تھا، جس میں مصنف کا مدعا تو یاد رہا مگر یہ اسی ’’سویرا‘‘ میں شامل ایک اور مصنف کے نام کے ساتھ خلط ملط ہو گیا۔ یعنی چیسلا میلوش کا نام ژاں کوکتو کے مضمون کے ساتھ چسپاں ہو گیا۔

میں اس ’’سویرا‘‘ کے بارے میں جاننے والوں اور دوستوں سے پوچھتا رہا۔ اتنا تو یاد رہا کہ اس ’’سویرا‘‘ کا سرورق سرخ اور نارنجی تھا۔

محمود الحسن سے بھی ذکر ہوا۔ انھوں نے بتایا یہ ’’سویرا‘‘ ان کے پاس ہے۔ اور ایک کتاب اور بھی، یہ مضمون جس کا حصہ بنا۔ انھوں نے وہ کتاب جس میں مطلوبہ مضمون شائع ہوا مجھے لا دی۔ اس کا عنوان ’’اسیرِ ذہن‘‘ ہے۔ میں نے چیسلا میلوش کا مضمون پڑھا تو ان سے کہا جو مجھے درکار ہے وہ تو شاعری کے بارے میں ہے، یہ مضمون نہیں۔

انھوں نے ’’سویرا‘‘ کے سرورق اور اس کے مندرجات کی تصاویر مجھے بھیجیں۔ مسئلہ حل ہو گیا۔ یہ ’’سویرا 27‘‘ ہے، جس میں چیسلا میلوش اور ژاں کوکتو دونوں کی کتابوں کی تلخیص و ترجمہ شائع ہوا تھا، اور جس مضمون کو میرا ذہن چیسلا میلوش کے ساتھ نتھی کر رہا تھا، وہ ژاں کوکتو کا تھا۔

درست حوالہ دستیاب ہو گیا، مسئلہ حل ہو گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ، جو نئی چیز دریافت ہوئی، وہ یہ کتاب ہے: ’اسیرِ ذہن، دورِ حاضر کے چند مسائل پر نظر۔‘‘ مترجم ہیں، محمد سلیم الرحمٰن۔ ادارہٴ تالیف و ترجمہ، پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے مئی 1998 میں شائع ہوئی۔ صفحات ہیں 271۔

پہلے میں نے انکار کیا تھا۔ میں اب صرف جس موضوع پر کام کر رہا ہوؤں، اس سے متعلق کتاب پڑھتا ہوں۔ وقت نہیں۔ پر محمود الحسن نے کہا آپ اسے آرام سے پڑھیں، دو تین مہینے اپنے پاس رکھیں۔ میرا ارادہ پھر بھی نہیں تھا۔

کتاب موجود تھی، اس کی ورق گردانی شروع ہوئی۔ پہلا مضمون چیسلا میلوش کا ہے۔ اسے پڑھنا شروع کیا۔ پڑھتا گیا۔ اور یوں محسوس ہوا جیسے یہ کتاب تو نہایت پُر مغزمواد پر مشتمل ہے۔ حیرانی بھی ہوئی کہ اس کتاب کا ذکر پہلے کہیں نہیں سنا۔ کہیں نہیں پڑھا۔ کیسی ناقدری ہے!

پھر تو چلا چل۔ ساتوں کے ساتوں تراجم کہہ لیجیے پڑھ ڈالے۔

جس دن محمود الحسن سے ملاقات ہونی تھی، واپس کرنے کی غرض سے کتاب ساتھ لے گیا۔ مگر راستے میں مجھے خیال آیا کہ نہیں، ابھی واپس نہیں کرتا۔ اس کا کچھ تعارف ہونا چاہیے۔

ان سے بھی بات ہوئی، میں نے کہا آپ کی کتاب لایا ہوں واپس کرنے، پر مجھے اس کا کچھ تعارف لکھ لینے دیجیے۔ ابھی آتے ہوئے سوجھا۔ پُرمغز مواد سے بھرپور کتاب ہے، جسے پڑھ کر یوں لگا کہ آپ نے کچھ پڑھا اور کچھ سیکھنے کو ملا۔ فکر کو جِلا ملی۔ یہ پیغام دوسروں تک بھی پہنچنا چاہیے۔

پہلا ترجمہ، ’’اسیرِ ذہن‘‘ پولش مصنف، چیسلا میلوش کا ہے۔ ’’اس نے ’’اسیرِ ذہن‘‘ کے نام سے ایک کتاب لکھی۔ اس کتاب میں بڑی باریک بینی سے دکھایا گیا تھا کہ مطلق العنان نظام میں دانشوروں اور فنکاروں کو مستقل طور پر کس قسم کے چکنم کا سامنا رہتا ہے۔ 1953 میں یہ اندازہ لگانا مشکل تھا کہ جو کچھ اس نے ’’اسیرِ ذہن‘‘ میں کہا ہے وہ کس حد تک بجا ہے۔ لیکن اب کہ وہ نظام، جس کی خرابیوں اور کمزوریوں کی طرف اس نے توجہ دلائی تھی، ٹوٹ پھوٹ کر قصہٴ پارینہ ہو چکا ہے اس کی بصیرت کو داد دیے بغیر چارہ نہیں۔‘‘ (محمد سلیم الرحمٰن)

دوسرا ترجمہ، ’’عوام کی بغاوت‘‘ ہسپانوی مصنف، اورتیگا ای گاسیت کا ہے۔ ’’بہت سے ہسپانوی دانشوروں کی طرح اس کے موضوعات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ اس نے تاریخ، فنونِ لطیفہ، ادب، موسیقی، مصوری، سماجیات، خواتین، سپورٹس، تعلیم اور نفسیات پر اظہارِ خیال کیا۔ ’’عوام کی بغاوت‘‘، جس کے چند اجزا کا ترجمہ یہاں پیش کیا جا رہا ہے، اس کی مشہور ترین کتاب ہے۔ جیسا کہ ترجمے کے مطالعے سے ظاہر ہو گا یہاں عوام کا لفظ کسی محدود معنی میں استعمال نہیں کیا گیا۔ ایک عام آدمی کو بھی اپنی طرزِ فکر اور طرزِ زندگی کی وجہ سے اشراف کہا جا سکتا ہے اور اسی طرح اشرافیہ کے کسی رکن کو عام آدمی۔ اوکتاویو پاز کی رائے ہے کہ’’اورتیگا ای گاسیت نے معاصر تاریخی اور سیاسی موضوعات پر جو مضامین لکھے ہیں اگر ان کا موازنہ سارتر کی تحریروں سے کیا جائے تو فوراً پتا چل جاتا ہے کہ اورتیگا فرانسیسی فلسفی سے زیادہ شفاف بیان اور ژرف نگاہ ہے۔‘‘ (محمد سلیم الرحمٰن)

تیسرا اور چوتھا ترجمہ، ’’حقیقت اور آزادی‘‘ اور ’’آزادی کی شرطیں‘‘، سکاٹ مصنف، جون میک مرے کا ہے۔ میک مرے ایک شخص پسند فلسفی تھا۔ اس کی توجہ مجرد فرد پسندی کے بجائے انسانی ایجنسی، کمیونٹی، اور شخصی تعلقات پر مرکوز تھی۔

پانچواں ترجمہ، جدید ’’جوڑے کا بحران‘‘ سوئس مصنف، دینے دے روژے موں کا ہے۔ ’’روژے موں کی طرزِ فکر بین الاقوامی ہے۔ اس کے خیالات بڑی وسعت اور جولانی کے حامل ہیں۔ اس نے جدید زندگی کے عمیق اور فلسفیانہ پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا ہے۔ ثقافتی مسائل پر کئی عمدہ کتابیں لکھی ہیں۔ سب سے قابلِ ذکر تصنیف ’’مغربی دنیا میں محبت‘‘ ہے جس میں مغربی یورپی ادب میں، ترستان کے فسانے سے عہدِ جدید تک، محبت کرنے کی روشوں کا اور محبت کے بارے میں قائم کیے جانے والے نظریوں کا مطالعہ کیا گیا ہے۔ (محمد سلیم الرحمٰن)

چھواں ترجمہ، ’’زمان و مکان اور طب‘‘ امریکی فزیشن اور مصنف، لیری ڈوسی کا ہے۔ ’’ان تمام افراد کے لیے اس کتاب کا مطالعہ افادیت سے خالی نہ ہو گا جو بالعموم اپنی اور دوسروں کی صحت کا خیال رکھنا چاہتے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ اگر اس تصنیف سے بلاتعصب رجوع کیا جائے تو شاید زیادہ بامعنی اور مربوط زندگی گزارنے میں خاصی مدد ملے۔‘‘ (محمد سلیم الرحمٰن)

ساتواں ترجمہ، ’’بیتال پچیسی‘‘ معروف ماہرِ ہندوستانیات، ہائنرخ زمر کا ہے۔ ’’کتاب کا نام ’’بادشاہ اور لاش‘‘ ہے اور ضمنی نام ’’شر پر روح کی فتح کی کہانیاں‘‘ ہے۔ زمر نے کئی مشرقی اور مغربی کلاسیکی کہانیوں پر بات کی ہے۔ ایک مضمون سنسکرت کی مشہور کتاب ’’بیتال پچیسی‘‘ پر بھی ہے جو نہایت دلچسپ اور بصیرت افروز ہے۔ اس مضمون کے ایک حصے کا، جو گویا ’’بیتال پچیسی‘‘ کی تفسیر ہے، تقریباً مکمل ترجمہ پیش کیا جاتا ہے۔ ربط اور دلچسپی کے خیال سے ’’بیتال پچیسی‘‘ کا آغاز و انجام اور ایک کہانی بھی مضمون کے ہمراہ شائع کی جا رہی ہے۔‘‘ (محمد سلیم الرحمٰن)

کتاب کا ’’پیش لفظ‘‘ ڈاکٹر سہیل احمد خان نے لکھا ہے، جو اس وقت ’’ادارہٴ تالیف و ترجمہ،‘‘ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم تھے۔ اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ بیشتر تراجم ’’سویرا‘‘ اور ’’نصرت‘‘ میں شائع ہو چکے تھے، مترجم نے ان پر نظر ثانی کی ہے۔ گو کہ یہ ذکر کہیں موجود نہیں کہ ترجمے کے لیے متذکرہ کتب یا مضامین کا انتخاب کس نے کیا، لیکن یہ باور کیا جا سکتا ہے کہ اس انتخاب کی داد بھی مترجم کو دی جانی چاہیے۔

آخر میں کتاب کے تعارف کے ضمن میں دو ضروری باتیں۔

ایک تو یہ کہ اگر آپ لفظوں سے محبت رکھتے ہیں اور یہ آپ کی نظر میں رہتے ہیں، اور ساتھ ہی ساتھ مفہوم و معنی کی ترسیل کے ضمن میں بھی آپ ان کی نشست و برخاست پر توجہ رکھتے ہیں تو نہ صرف ان تراجم میں بارہا نئے سے نئے انداز متشکل ہوتے دکھائی دیں گے، بلکہ آپ اس چیز سے بھی لطف اندوز ہوں گے کہ انگریزی الفاظ و تراکیب کے لیے اردو متبادل کس کس طرح تراشے اور دریافت کیے گئے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ یہاں وہاں نو بہ نو اصطلاحات بھی وضع ہوتی دکھائی دیں گی۔

اسی سے منسلک ایک اور معاملہ ہے۔ خاص طور پر جب ہم لکھنے بیٹھتے ہیں، تو اپنے زمانے میں جو اور جیسا کچھ ہم نے پڑھا ہوتا ہے اور جیسی گفتگو سنی ہوتی ہے، ہمارا ذہن اور شعور الفاظ اور جملوں کو انھی سانچوں میں ڈھال کر میسر بناتا ہے۔ خود میرا تجربہ یہ ہے کہ اکثر اوقات مجھے ان بنے بنائے اور ترشے ترشائے جملوں اور تراکیب سے الجھن اور بعض اوقات اکتاہٹ محسوس ہونے لگتی ہے۔ درست ہے کہ اگر کہنے کے لیے کوئی بات پاس ہے تو اس کے لیے ذرا مختلف انداز بھی پاس ہونا چاہیے۔ اور یہ بھی عیاں ہے کہ اگر آپ کی بات میں کچھ نیا اور مختلف موجود ہے، تو گھِسے پٹے جملے اس کے نئے اور مختلف پن کو اور ان کے اثر کو بھی زائل کر دیتے ہیں۔

جیسا کہ یہ کتاب پڑھتے ہوئے اس پر کچھ لکھنے کا خیال میرے ذہن میں موجود نہیں تھا، باایں سبب میں نے متعلقہ مثالوں، استعمالات، وغیرہ، کو نشان زد نہیں کیا، اور یہاں انھیں درج کرنے سے قاصر ہوں۔ معذرت قبول کیجیے۔ ہاں، ایک مثال نظر میں رہی۔ ایک سانچہ بنا ہوا ہے، اور اکثر اسی کے مطابق لکھا جاتا ہے، ’’بہت زیادہ‘‘۔ ضرورت ہو یا نہ ہو، یونہی لکھ دیا جاتا ہے، بہت زیادہ۔ مگر مترجم کی تحریر میں ایسا نہیں۔ جہاں جہاں ایسا معاملہ ہوتا نظر آیا، میں تو رک گیا اور اس کی تحسین کیے بغیر نہ رہ سکا۔ ایک مثال دیکھیے: ’’سب سے قابلِ ذکر تصنیف۔۔۔‘‘ (ص: 189) سب سے زیادہ قابلِ ذکر تصنیف نہیں لکھا گیا۔

مزید برآں، اگر آپ کو کبھی کچھ ترجمہ کرنے کا موقع ملا ہو تو آپ بھی اس مشکل سے دوچار ہوئے ہوں گے۔ ویسے یہ ضروری نہیں۔ اگر آپ صرف اس رشتے پر متوجہ ہیں، تو بھی یہ مسائل درپیش نہ آئیں ایسا ممکن نہیں۔ یعنی الفاظ و افکار کے ربطِ باہم کے مسائل سے منسلک مشکلات۔ ایک بالکل مختلف تہذیب و ثقافت کی زبان ہے اور اس میں افکار و تصورات کو بیان کیا گیا ہے (گو کہ بیشتر افکار و تصورات آفاقی حیثیت کے حامل ہوتے ہیں)۔ اب یکسر ایک مختلف تہذیب و ثقافت کی زبان ہے، اور اس میں انھی افکار و تصورات کو بیان کرنا ہے۔ کیسی مہم سر کرنا پڑتی ہے!

اور اگر آپ ایک سوچنے اور غور وفکر کرنے والے شخص ہیں، تو یہ کتاب پڑھتے ہوئے آپ کو نہ صرف زبان و اصطلاحات اور پھر ان میں بیان کیے گئے افکار و تصورات کا مزہ آئے گا بلکہ ساتھ ہی ساتھ آپ کی اقلیمِ تصورات میں تفکر و تدبر کے نئے افق بھی وا ہوں گے۔

انسانی معاملات کے ضمن میں شخصی آزادی کا تصور خود میرے نزدیک، بلا تامل، ایک مرکزی تصور کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کی تعبیر سے متعلق اگر کسی کتاب کو بلاشرکت غیرے ایک رہنمایانہ حیثیت کا حامل قرار دیا جا سکتا ہے، تو وہ فریڈرک آگسٹ ہائیک کی کتاب، ’’آئینِ آزادی‘‘ ( The Constitution of Liberty) ہے۔ مگر جون میک مرے کے دونوں تراجم پڑھ کر نہایت خوشگوار حیرت ہوئی۔ جیسا کہ اوپر ذکر ہوا، میک مرے کی توجہ مجرد فرد پر نہیں، بلکہ اس کا موضوع زندہ اشخاص میں گھرے فرد کی آزادی ہے، اور یہ کہ شخصی تعلقات کے ضمن میں کس طرح تشکیل و توسیع پاتی ہے یا کیونکر محدود ہوتی ہے، اس کی دلچسپی ان معاملات سے ہے۔ یہ چیز ان دونوں تراجم کو اردو کے فکری ادب میں ایک فکرانگیز اضافہ بناتی ہے۔

اورتیگا ای گاسیت کو اردو میں پڑھتے ہوئے ذرا بھی اجنبیت محسوس نہیں ہوئی۔ اس کا سبب غالباً یہ ہے کہ گاسیت کی یہ تحریر ہمارے پاکستانی سماجی و سیاسی سیاق و سباق سے فطری مطابقت رکھتی ہے۔ جیسا کہ 80 برس ہونے کو آ رہے ہیں، اور جیسا کہ ہم یہاں وہاں لوگوں اور دانشوروں کو اکثر یہ کہتا سنتے ہیں کہ ’’یہاں کچھ نہیں ہو گا، یہاں لوگ بے حِس ہو گئے ہیں، وہ عادی ہو گئے ہیں۔‘‘ گو کہ یہ اندازِ نظر غلط ہے۔ یعنی جو لوگ یہ کہتے ہیں، وہ خود کیوں کچھ نہیں کرتے، ان سے یہ پوچھا جا سکتا ہے اور پوچھا جانا چاہیے۔ مراد یہ کہ آپ یہ ذمے داری دوسروں پر کیوں ڈال دیتے ہیں۔ گاسیت میں اس کا جواب موجود ہے۔

جہاں تک میری رائے کا تعلق ہے، تو گاسیت کی یہ تحریر بہت سے باریک نکات اور انکشافات سے معمور ہے۔ جو بھی اسے پڑھے گا وہ اسے کہیں نہ کہیں بہت سی مختلف چیزوں کے ساتھ جڑتا اور سمٹتا ہوا پائے گا۔

ایک مشکل جو مجھے گذشتہ چالیس برس سے دِق کرتی آ رہی تھی، گو کہ اس کے متعدد حل یا جواب مجھے مل چکے تھے یا خود میں نے انھیں تراش اور بنا لیا تھا، اور جو خاصی حد تک تسلی بخش بھی تھے، وہ سب کے سب جیسے بہت پیچھے رہ گئے۔

گاسیت میں اس کا ایک نہایت مختلف جواب ملا۔ جو جواب ملا وہ جیسے تیر بہدف کی مانند تھا۔ بلکہ یہ کہنا چاہیے کہ جب کوئی بات اپنے بیشتر متعلقات کے ہجوم کے ہمراہ ظاہر ہوتی ہے تو اس کی شان ہی اور ہوتی ہے، اور وہ خود بخود معنی خیزی کی حامل بھی بن جاتی ہے۔

مجھے یہ بات بہت پریشان کن معلوم ہوتی تھی کہ انسان معمولی اور غیرمعمولی کیوں ہوتے ہیں۔ کیا چیز ہے جو ان میں یہ فرق پیدا کرتی ہے؟ اس کے دو جواب ہو سکتے ہیں۔ ایک تو وہ جو انسانوں سے باہر کہیں وجود رکھتا ہو۔ خود میرے لیے یہ جواب قابلِ قبول نہیں۔ گاسیت کے نزدیک اس کا جواب خود انسان کے اندر موجود ہے۔ یعنی یہ خود اس کا اپنا انتخاب ہے۔ بات ختم ہو گئی۔ بات پوری ہو گئی۔

گاسیت کہتا ہے کہ جو چیز انسانوں کو ایک دوسرے سے مختلف بناتی ہے، اور انھیں معمولی یا غیرمعمولی میں ڈھالتی ہے، وہ خود اپنے آپ سے ان کے مطالبات اور تقاضے ہیں۔ یعنی کوئی انسان خود سے کیا تقاضا کرتا ہے۔ کیا چیلنج اپنے سامنے رکھتا ہے۔ اگر تقاضے چھوٹے چھوٹے ہیں، تو وہ انسان معمولی انسان ہو گا۔ اور اگر تقاضے یا چیلنج بڑے ہیں، غیرمعمولی ہیں، تو انسان بڑا اور غیرمعمولی ہو گا۔

یعنی یہ ہم خود ہیں، جو خود کو معمولی یا غیرمعمولی بناتے ہیں۔ ایک آخری تجزیے کی رو سے۔

ہاں، مگر اس سفر میں کتابیں ہماری مددگار ہو سکتی ہیں۔ ایسی کتابیں جو افکار و الفاظ دونوں کے اعبتار سے پُرمغز ہوں۔ جیسا کہ منتخب تراجم پر مشتمل یہ کتاب، ’’اسیرِ ذہن‘‘ ہے۔

[19 نومبر 2026]

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted