جھونکا بیگم

شرمیلا تو نہیں، ایک شریف النفس انسان تھا وہ۔
بلکہ، وہ جو انگریز کہتے ہیں، جینٹلمین، اور سمجھتے بھی ہیں، وہ تھا وہ۔
کسی عورت پر نظر پڑ گئی، تو پڑ گئی۔ پہلی کے بعد دوسری نظر کم ہی ڈالتا تھا۔
وہ بھی جیسے غیرارادی طور پر، کسی کو پہچاننے کے لیے پھر سے دیکھ لیتے ہیں۔
یا کوئی بہت خاص بات ہوتو، پھر سے نظر گھوم جاتی ہے۔
وہ پہلے جس دفتر میں کام کرتا تھا، وہاں لوگ اس کے بارے میں کہتے تھے کہ اگر کوئی کہے کہ اس نے کسی لڑکی کو چھیڑا ہے، تو ہم بالکل یقین نہیں کریں گے۔ مگر یہ یقین ضرور کر لیں گے کہ کسی لڑکی نے اسے چھیڑا ہے۔
اس قسم کا شخص، یا مرد تھا وہ۔ ایک اور بات اہم تھی اس میں۔ صاف گو تھا، جسے انگریزی میں ’’سٹریٹ فارورڈ‘‘ کہتے ہیں۔ صاف بات کرنے والا۔
اس سے میرا ملنا خاصے عرصے سے تھا۔ مگر یوں ہوا کہ مجھے کوئی ڈیڑھ برس کے لیے شہر سے باہر رہنا پڑا۔ دفتر نے عارضی تبدیلی کر دی تھی۔
جب میں واپس آیا اور کچھ دنوں بعد ہماری ملاقات ہوئی تو وہ برہم تھا۔ اکھڑا ہوا۔ جبکہ اسے خوش ہونا چاہیے تھا۔ خوش بھی تھا، اس بات کا انکشاف تب ہوا، جب اس نے بتایا انھوں نے علاحدہ گھر خرید لیا ہے۔ اور منتقل بھی ہو چکے ہیں۔
مگر یہ گھر ہی اس کی برہمی کا سبب بن گیا تھا۔
اب ایسا شخص، جیسا وہ تھا، برہم بھی ہو گا تو کتنا، اور کیسے ہو گا۔ مجھے ہنسی بھی آ رہی تھی، اور حیرانی بھی ہو رہی تھی۔
ہمیں وہاں سات آٹھ ماہ تو ہو گئے ہیں گئے ہوئے۔ وہ بتا رہا تھا۔
مجھے تو نہیں پتا، دائیں بائیں، سامنے کون رہتا ہے۔ ہوں گے کوئی لوگ۔ ہمسائیوں سے ملاقات ہوئی، کچھ بات چیت بھی ہوئی۔
مگر وہ ہمسائیاں کون ہیں، میرا کیا تعلق۔ ان پر نظر پڑی ہو گی۔ پر مجھے کیا۔ میں نے تو جیسے دیکھا ہی نہیں انھیں۔
ایک دن میں دروازے سے نکل کر تھوڑا سا آگے گیا ہوؤں گا، مجھے لگا کسی نے سلام کیا ہے مجھے۔ سلام علیکم۔
میں رک گیا۔ دیکھا تو ایک خاتون تھیں۔ اپنے دروازے پر کھڑی تھیں۔ ہمارے گھر کے سامنے جو گھر تھے، ان میں سے دائیں طرف چوتھا گھر تھا۔
یہ بھی میں نے بعد میں دیکھا کہ چوتھا گھر تھا یہ۔
میں نے ان کی طرف دیکھا، اور بےارادہ جواب دیا۔ وعلیکم سلام۔
بس میں آگے چلا گیا۔
ہو گا چلو ایسے ہی۔ نئے آئے ہیں، سلام کر لیا۔ یا بعض اوقات یکدم جب کچھ نہیں سوجھتا تو جیسے سلام کر لیتے ہیں۔
ایک روز میں دودھ والے سے دودھ لے رہا تھا، وہ دروازے پر کھڑی تھیں۔ پہلے خود سلام کیا، پھر اپنی دو برس کی بیٹی کو میری طرف بھیجا، جاؤ سلام کرو۔
میں رک گیا۔ اس چھوٹی سی پری نے میرے پاس آ کر ہاتھ آگے بڑھایا۔ میں مسکرایا اور اس کے نازک سے ہاتھ کو اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ اس کے گالوں پر پیار کیا۔ وہ واپس بھاگ گئی۔
دودھ والا بھی دیکھ رہا تھا۔
پھر ایک دن میں دروازے سے باہر کھڑا اپنے بیٹے کا منتظر تھا۔ وہ قریب ہی دکان سے موبائل میں بیلنس کروانے گیا تھا۔ مگر دیر ہو گئی تھی۔
مجھے گلی کے دوسری جانب سے کسی کی آہٹ محسوس ہوئی۔ میں نے ادھر دیکھا، وہی خاتون آ رہی تھیں۔
میں انھیں ان دیکھا کر کے، گلی کے مخالف سمت میں دیکھنے لگا۔
مگر وہ آ کر سامنے کھڑی ہو گئیں۔ سلام علیکم۔
وعلیکم سلام۔
آپ کیسے ہیں۔
جی ٹھیک ہوں۔ میں نے ان کی طرف دیکھا۔
بےحد مہذب اور شائستہ لہجہ تھا۔ اور آواز میں رکھ رکھاؤ۔
میں حیران تھا۔
اس دن کے بعد سے مجھے ان کے یہ الفاظ تنگ کرنے لگے۔
کیا مطلب ہے ان لفظوں کا۔ کیا مطلب ہے اس شائستگی کا۔ اتنی تہذیب کا۔
کیا وہ ہر ایرے غیرے کے ساتھ اسی طرح پیش آتی ہیں۔
وہ عورتوں کے ضمن میں خود کو ایرا غیرا ہی سمجھتا تھا۔
ایک مرتبہ پھر ایسا ہوا، میں گھر سے نکل کر جا رہا تھا۔ وہ کہیں سے واپس آ رہی تھیں۔ چھوٹی پری ان کے ہمراہ تھی۔
مجھے دیکھا تو رک گئیں۔ سلام کیا۔
پھر پوچھا، آُپ ٹھیک ہیں۔ جی، میں نے کہا۔
پری سے کہا، ہاتھ ملاؤ۔ میں نے ہاتھ ملایا، اور گالوں پر پیار کیا۔
اب نہ صرف ان کے الفاظ، ان کا انداز، ان کی شائستگی، ان کی تہذیب، مجھے پریشان کرنے لگی تھی۔ بلکہ یوں ہونے لگا، بعد میں جب میں سوچتا کہ ان کی صورت، ان کی ہئیت کیسی ہے۔ تو مجھے کچھ یاد نہ آتا۔ جیسے سب کچھ محو ہو جاتا ذہن سے۔
بس ان کی آواز اور ان کے الفاظ یاد رہ جاتے۔ یاد آتے۔ مگر شکل آنکھوں کے سامنے بننے کا نام نہیں لیتی تھی۔
کیسی شکل ہے ان کی۔ آنکھوں میں، ذہن میں دوبارہ ان کی تصویر زندہ کیوں نہیں ہوتی۔ کوئی نقشہ بن ہی نہیں پاتا تھا۔
میں نے سوچا اب جب موقع ملا ذرا غور سے دیکھوں گا۔ اس میں کوئی عار بھی تو نہیں تھا۔ یہ ابتدا میں نے تو نہیں کی تھی نا۔
مگر معلوم نہیں کیا ہوتا۔ جب بھی وہ نظر آتیں، سلام کرتیں، آپ ٹھیک ہیں ، پوچھتیں، سارا منظر دھندلا ہو جاتا۔ میں انھیں دیکھ رہا ہوتا، مگر وہ نظر ںہیں آ رہی ہوتی تھیں۔ بس ان کی موجودگی کا احساس ہوتا تھا۔
ذرا دیر میں جب یہ احساس ختم ہو جاتا، مطلب وہ اوجھل ہو جاتیں، تو ان کی موجودگی کے اس احساس کی یاد باقی رہ جاتی۔ میں پھر سوچتا، اندر سے آنکھیں بند کر کے انھیں دیکھنے کی کوشش کرتا، مگر ان کا مبہم سا ہیولا نظر آتا۔ ان کا چہرہ نظر نہیں آتا۔
مجھے ہر وقت ایک اضطراب سا رہنے لگا۔ وہ ایسا کیوں کر رہی ہیں۔ سلام۔ آپ ٹھیک ہیں۔ کیا ان لفظوں کا کوئی مطلب ہے۔ کیا ان لفظوں کے پیچھے کوئی مفہوم بھی ہے۔ یا یہ سب میرا وہم ہے۔
لیکن یہ لفظ تو حقیقی ہیں۔ حقیقت کی دنیا میں ادا ہو رہے ہیں۔ سلام۔ آپ ٹھیک ہیں۔ یا ان لفظوں کا کوئی مطلب نہیں۔
یہ بالکل ایسے ہی تھا، جیسے بعض اوقات ہم کسی ایسے واہمے میں گرفتار ہو جاتے ہیں، اور یہ سمجھنے میں مشکل پیش آنے لگتی ہے کہ جو ہم نے سنا، یا دیکھا، وہ حقیقی تھا یا نہیں۔
مجھے یاد آیا، ایک دوست عباس ہے۔ اس کا چھوٹا بھائی تھا، چھوٹا بھی کیا، سولہ سترہ برس کا تو تھا وہ۔ عام گفتگو اس طرح کرتا، جیسے غیرحقیقی چیزیں، حقیقی ہوں۔ مثلاً کہتا میں نے دن میں تارے نکلے دیکھے۔ اور انداز ایسا ہوتا کہ اس نے یہ تارے بالکل دیکھے ہیں۔
ہاں، مگر میرا ذہن تو ایسا نہیں۔ میں تو حقیقت پر بھی شک کرتا ہوں۔ اور وہ حقیقت اگر عورتوں سے متعلق ہو تو اور زیادہ محتاط ہوتا ہوں۔ پتا ہے تمہیں۔
یہ عورتیں وہ کیوں نہیں ہوتیں، جو وہ ہوتی ہیں۔ وہ کیوں ہوتی ہیں، جو وہ نہیں ہوتیں۔ یہ معاملہ میری سمجھ سے باہر ہے، وہ کہتا۔
یا جان کر ایسا کرتی ہیں۔ جال بچھاتی ہیں۔ کھیلتی ہیں۔ کھیل دیکھتی ہیں۔
جیسے وہ کہا جاتا ہے، لیلا رچانا۔ تو کیا یہ عورتیں بھی لیلا رچاتی ہیں۔ ویرانے میں رونق لگاتی ہیں۔ جنگل میں منگل کرتی ہیں۔
وہ پھر کچھ برہم ہونے لگا تھا۔ اور یہ کونسی شائستگی ہے۔ کونسی تہذیب ہے۔ بدتہذیبی ہے یہ تو۔
وہ ہنس بھی رہا تھا۔ بھئی ہم مرد ہی رہ گئے ہیں کیا، اس کھیل کے لیے۔ اپنا کھیل، آپ کھیلو۔
اور دیکھو نا، میرا کیا قصور۔ میں نے ان کا کیا بگاڑا ہے۔ مجھے تو ان کا نام بھی معلوم نہیں۔
اچھا سنو۔ میں نے ان کا نام رکھ دیا ہے۔ اب اور کیسے سوچوں ان کے بارے میں۔ وہ جن کی شکل مجھے یاد نہیں ہوتی۔ یا وہ جو سلام کرتی ہیں۔ یا وہ جو پوچھتی ہیں، آپ ٹھیک ہیں۔ یہ کوئی نام تو نہ ہوئے نا۔
جھونکا بیگم۔ ہاں، جھونکا بیگم۔ میں نے ان کا نام رکھ دیا ہے۔
وہ ایک جھونکے کی طرح آتی ہیں، محسوس ہوتی ہیں، سلام کرتی ہیں، آپ ٹھیک ہیں، پوچھتی ہیں، اور غائب ہو جاتی ہیں۔ اپنی صورت تک تو یاد رہنے نہیں دیتیں۔ تو میں انھیں جھونکا بیگم کہنے لگا۔ اپنے ذہن میں بھئی۔ اس نے وضاحت کی۔
ہوتا یوں ہے کہ جب بعد میں ان کے بارے میں سوچتا ہوں تو یہ احساس باقی رہ جاتا ہے، ایک جھونکا آیا تھا۔ ہلکی سی نمی لیے۔ سارے جسم کو بھگو گیا۔ پورے وجود کو تروتازہ کر گیا۔ ایک نشہ چھوڑ گیا۔
اچھا دیکھو، اب میں انھیں کچھ کہہ تو نہیں سکتا تھا، رکیں، ذرا مجھے اتنی دیر دیکھنے دیں، تا کہ مجھے آپ کی صورت یاد ہو جائے۔ کتنی بد تہذیبی ہوتی یہ۔
میں نے فیصلہ کیا کہ اس مرتبہ ان کی بات سننے کے بجائے دیکھوں گا انھیں بس۔ نظر بھر کر۔
اب ہمیں یہاں آئے کئی ماہ ہو گئے تھے۔ میری بیوی کو اِدھر اُدھر کی خبریں ملنے لگی تھیں۔ مجھے گھر سے ہی پتا چلا کہ ان کی بڑی بیٹی چودہ پندرہ سال کی ہے۔ چار بچے ہیں۔
خیر ایک روز ان سے پھر مڈبھیڑ ہو گئی۔ وہ شاید اپنی والدہ کے ساتھ کہیں جا رہی تھیں۔ میرے سامنے آ کر رک گئیں۔ ان کی والدہ آگے چلی گئیں۔
سلام علیکم۔ آپ ٹھیک ہیں۔
جی، ٹھیک ہوں۔
وہی چھوٹی پری بھی ساتھ تھی۔ مگر وہ اپنی نانی کے ساتھ آگے چلی گئی۔
میں ان کی طرف دیکھتا رہا۔ مگر عجیب لگا مجھے، کیا کر رہا ہوں میں۔ پشیمانی میں میری نظر چھوٹی پری کی طرف مڑ گئی۔ وہ تیزی سے اس کے پاس گئیں، اور پکڑ کر میرے پاس لے آئیں، ہاتھ ملاؤ۔
عمر بہت زیادہ نہیں لگتی تھی۔ کم عمری کی شادی ہو گی، میں نے سوچا۔
چھریرا بدن۔ مگر بھرا ہوا نہیں۔
چہرہ، جسے کتابی کہہ سکتے ہیں۔ ایسا جیسے خاکہ بنایا گیا ہو، اور رنگ بھرنا بھول گئے ہوں۔ یا پھر رنگ پھیکے پڑ گئے تھے۔
ہونٹ جیسے پینسل پھیر کر نمایاں کیے گئے ہوں۔ آنکھیں بھی۔ ناک بھی۔ چہرہ کیا بس ایک خاکہ تھا۔ اس پر آنکھیں نہ ہوتیں تو بےجان لگتا۔
بعد میں جب میں نے سوچا تو مجھے احساس ہوا، اتنا متناسب چہرہ۔ بالکل پرفیکٹ۔ رنگ ہی تو سب کچھ نہیں ہوتا۔ کچھ بات تھی اس چہرے میں۔ کچھ بات تھی ان ہونٹوں میں، جن سے اتنی شائستگی اور تہذیب پھوٹتی تھی۔
اب کم از کم یہ تجسس تو ختم ہو گیا۔ چہرہ یاد ہو گیا۔ چلیں اب دیکھنے کی ضرورت تو نہیں رہی۔
سلام۔ آپ ٹھیک ہیں۔ یہ الفاظ میرا ذہن اب خود ہی دہرانے لگا تھا۔ ان میں مزا تھا۔ سرور تھا۔
ابھی چند ہی روز گزرے تھے کہ مجھے یوں محسوس ہوا ان کا چہرہ پھر بھول گیا ہوں۔ عجیب سی بات تھی یہ۔ مگر کیا کرتا۔
اور یہ بھی تو ایک لاینحل مسئلہ تھا۔ ان الفاظ میں کیا ہے۔ ان الفاظ میں کیا رکھا ہے۔ سلام علیکم۔ آپ ٹھیک ہیں۔
میں سوچتا، ان الفاظ میں کچھ نہیں۔ جو ان الفاظ کو بولتا ہے، اس میں کچھ ہے۔ اس کے پاس کچھ ہے۔
کیا ہے اس کے پاس۔ نہ حسن، نہ جوانی۔ خود میرا استدلالی ذہن بدلحاظ ہو کر میرے ذہن کو پچھاڑ دیتا۔
جب کچھ بھی نہ ہو۔ نہ حسن ہو۔ نہ جوانی ہو۔ نہ ادا۔ تو پھر کیا ہو گا۔
کچھ رنگ، کچھ مہک تو ہونی چاہیے۔
اس کی عادت تھی ہر چیز کو ہر چیز سے جدا کر کے سوچنا، دیکھنا۔
تو پھر جھونکا بیگم میں کیا رہ جائے گا، تم بتاؤ۔
یہ سوال میرے لیے غیرمتوقع تھا۔ میں ویسے ہی کہیں کوئی لقمہ دے دیتا، یا کچھ پوچھ لیتا۔ بس وہ خود ہی بولے جا رہا تھا۔ میں تو ہوں ہاں کر رہا تھا۔
کیا رہ جائے گا، مجھے کیا پتا۔ کچھ بھی نہیں۔ میں نے کہا۔
ہاں، ایک مرتبہ ایسا ہوا میں کہیں سے آ رہا تھا۔ وہ گلی کی مخالف سمت میں جا رہی تھیں، چھوٹی پری کے ساتھ ۔ میں نے سوچا دیکھو وہ اِدھر دیکھتی ہیں یا نہیں۔
میں جیسے ہی اپنے گھر کے دروازے پر پہنچا، وہ گلی کے دوسرے کونے پر ایک دروازے پر پہنچیں۔ مجھے لگا اب وہ کیا دیکھیں گی اِدھر۔
اب بیل بجاؤں یا نہیں، میں فیصلہ نہیں کر پا رہا تھا۔ مجھے اچھا نہیں لگا کہ میں رکا رہوں۔
اتنے میں ان کی نظر اِدھر اُٹھی۔ اسی اثنا میں وہ بیل بجا چکی تھیں۔ اتنی دور سے سلام کرنے، حال چال پوچھنے سے تو رہیں وہ۔
میں شش وپنج میں تھا دیکھو کیا ہوتا ہے۔ مگر ان کے چہرے پر استقبالی مسکراہٹ نمودار ہوئی اور انھوں نے اپنا بایاں ہاتھ تھوڑا سا اوپر اٹھا کر ہلایا۔
جواب میں، میں نے بھی ایسا ہی کیا۔
اُدھر ان کا دروازہ کھلا، اور وہ اندر چلی گئیں۔
میں نے کہا۔ پھر کیا مطلب ہوا اس کا۔
مجھے کیا پتا۔
ہاں، ٹائم کیا ہو گیا، اس نے جیب سے موبائل نکالا۔
اوہ آٹھ بج گئے۔ وہ اٹھ کھڑا ہوا۔
بچوں کو لے کر شاپنگ کے لیے جانا ہے۔ میں چلتا ہوں۔
[19 ستمبر، 2019]

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted