بھکا بھوس [سوانحی یادیں]

پہلے تو اس نام کا تلفظ جان لیجیے۔ جیسے کر سکا میں، سکا بولا جاتا ہے، اسی طرح، بھکا بولا جائے گا۔ پھر جیسے ہوش بولا جاتا ہے، اسی طرح بھوس بولا جائے گا۔
یہ نام ہے ایک شخص کا جس نے اسی دنیا میں اپنی زندگی گزاری۔
اس کے خاندان، اس کی نسل کے لوگ ابھی بھی زندہ ہوں گے، مگر کیا خبر کہاں ہوں گے۔
کچھ ایسے لوگ بھی ضرور ہوں گے، جو اسے جانتے ہوں گے۔ جنھیں وہ یاد ہوں گے۔ جیسے میں جانتا ہوں۔ اور میں بھی کتنا جانتا ہوں۔ اگر پانچ چھ برس کی عمر میں کسی کو دیکھا ہو، تو وہ کس قدر یاد رہ جائے گا۔ ابھی میں سکول داخل ںہیں ہوا تھا کہ ہم لوگ اس آبادی کو چھوڑ کر اس سے کچھ دور ایک اور جگہ آن بسے۔ اس نئی جگہ آ کر مجھے سکول داخل کروایا گیا۔
اور اب کوئی پچاس برس کے بعد کچھ سال ہوئے کہ مجھے بھکا بھوس یاد آنے لگے۔ اس کی بڑی وجہ خود ان کا نام ہے، بھکا بھوس۔ ذہن خود بخود ان کی یادوں اور تصویروں کو لاشعور سے کھود کھود کر نکالنے لگا۔ کبھی کچھ، کبھی کچھ۔ مگر کچھ زیادہ آثار دستیاب نہیں ہوئے۔
اتنا ضرور یاد ہے، بھکا بھوس کا قد خاصا لمبا تھا۔ چھ فٹ سے زیادہ ہی ہو گا۔ لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کیونکہ اس وقت میں بچہ تھا، اور مجھے وہ بہت بڑے دکھائی دیتے ہوں۔
نہیں، ذہن میں ان کی جو شبیہہ اُتری ہوئی ہے، اس میں بھی ان کا قد لمبا ہے۔ وہ ایسے تھے جسے اردو میں لمبا تڑنگا کہتے ہیں۔
بھکا بھوس کا رنگ گہرا سانولا تھا۔ اورجلد چکنائی سے چمکتی ہوئی۔
ان کے نقش موٹے موٹے۔ ناک بھی موٹی سی۔ گال اوپر کو ابھرے ہوئے۔
پیشانی نہ بہت کشادہ نہ بہت تنگ۔ ابرو بالوں سے بھری ہوئیں۔ سر کے بال سیاہ بھورے تھے۔ ان میں تھوڑے تھوڑے سفید بھی تھے۔ جو شبیہہ ذہن میں موجود ہے، اس کے مطابق ان کے بال ہمیشہ بکھرے ہوئے ہوتے۔
بازو بھی ایسے ہی ہوں گے، لمبے۔ ہاتھ اور انگوٹھا اور انگلیاں موٹی موٹی۔ جیسے محنت کشوں کے ہاتھ ہوتے ہیں۔
آنکھیں بڑی نہیں تھیں۔ یا پھر وہ گالوں کی موٹائی کی وجہ سے چھوٹی نظر آتی تھیں۔
چہرہ گول ہی کہا جا سکتا ہے۔ نہ بہت بڑا، نہ بہت چھوٹا۔
کان بھی موٹے موٹے، مگر بہت بڑے نہیں۔ جن پر مسام نمایاں نظر آتے۔ مسام چہرے پر بھی صاف دکھائی دیتے تھے۔
ہاں، ان کے چہرے پر چیچک کے داغ بھی تھے۔
جو شبیہہ مجھے یاد ہے، اس میں میں نے انھیں کبھی صاف ستھرے کپڑوں میں نہیں دیکھا۔ وہ یقیناً عید بقرعید اور دوسرے خوشی کے موقعوں پر نئے یا دھلے اور اجلے کپڑے پہنتے ہوں گے۔
پاؤں میں چپل جیسے بس پہننے کو ہوتی تھی۔ مٹی سے اٹی ہوئی۔ وہ اسے رگڑتے ہوئے چلتے۔ اس رگڑ کی آواز اب بھی سنائی دیتی ہے۔
کام وہ سبزی بیچنے کا کرتے تھے۔
اپنے گھر کے باہر کے حصے میں دکان بنائی ہوئی تھی۔ چھوٹی چھوٹی ٹوکریوں میں سبزیاں رکھی ہوتیں۔ درمیان میں وہ بیٹھے ہوتے۔ ان پر پانی چھڑکتے رہتے۔
صبح کا کچھ وقت ایسا ہوتا تھا، جب ان کی دکان بند رہتی۔ وہ ایک بڑی سی چھابڑی سر پر اٹھائے گلیوں میں سبزیاں بیچتے۔ آواز لگاتے۔
یہ بات مجھے اس لیے یاد ہے کہ ہم جنھیں بڑی ممانی کہتے تھے، بھکا بھوس کی آواز سن کر وہ چلاتیں، اے بھکا بھوس آ گیا، سبزی لے لو۔
یہ آواز بھی ذہن میں گونج رہی ہے، اے وہ اسد کو بھیجو، بھکا بھوس سے آلو تو لے آئے۔ یا اور کوئی سبزی۔
پھیری لگانے کے بعد بھکا بھوس کی دکان سارا دن کھلی رہتی۔ شاید کچھ اندھیرا ہونے تک۔
وہ اسی نام سے جانے جاتے تھے۔ یہی ان کا نام تھا۔ اور ان کی چھیڑ بھی۔ اصل نام کیا تھا، کچھ پتا نہیں۔
جب وہ پھیری لگانے نکلتے، تو بچے انھیں چھیڑتے، اور وہ سر پر چھابڑی اٹھائے اٹھائے پیچھے مڑتے اور بچوں کو برا بھلا کہتے۔ بچے بھاگ لیتے۔ وہ پھر آگے چل پڑتے۔
وہ بچوں کو برا بھلا کہتے تو کیا کہتے، یہ بات ذہن سے محو ہو گئی۔ ان کے چہرے پر آنے والی کرختگی اور غصہ ضرور یاد ہے۔
بعض اوقات بڑے بھی ان سے چھیڑخانی کر لیتے۔ او بھکا بھوس۔ تم بھکا بھوس، تمہارا باپ بھکا بھوس، وہ کہتے۔
وہ بہت دھیرے دھیرے چلتے۔ پاؤں سنبھال کر اٹھاتے اور رکھتے۔ لمبے ڈگ نہیں بھرتے تھے۔ ہوشیار رہتے، کب کوئی آواز دے دے، کچھ خریدنے کے لیے۔
میرے پاس اب اس کی کوئی توجیہہ موجود نہیں کہ بھکا بھوس مجھے کیوں یاد رہے۔ کتنے ہی لوگ دیکھے ہوں گے، مگر وہ تب سے ہی میرے ذہن پر نقش ہیں۔
ہاں، بھکا بھوس اس آبادی کے لیے ایک اہم شخص کا رتبہ رکھتے تھے۔ اکثر لوگ جنھیں سبزی لینی ہوتی، انھی سے خریدتے۔
بھکا بھوس کی طرح، کچھ اور لوگ بھی ذہن کے افق پر بار بار ابھرتے ہیں، جن کی تاریخ لکھنی پڑے گی۔
مگر بھکا بھوس نے تو اپنی تاریخ خود لکھوائی ہے۔ وہ مجھے اندر سے کچوکے لگاتے رہے۔ مجھے لکھو۔ مجھے لکھو۔ میں سوچتا رہا، ٹالتا رہا۔ مگر وہ بضد رہے۔
بھکا بھوس آج میں نے آپ کی تاریخ لکھ دی ہے۔ اب تو خوش ہو۔
ہاں، مگر مجھے بہت کچھ یاد نہیں۔ مجھے تو یہ بھی یاد نہیں کہ جب ہم وہ آبادی چھوڑ کر دوسری آبادی میں جا بسے تو کیا آپ اس وقت حیات تھے۔
آج مجھے تھوڑا سا قلق ہو رہا ہے۔ مجھے آپ کے بارے میں زیادہ کچھ کیوں پتا نہیں۔ آپ کا نام تک پتا نہیں۔ یہ کوئی نام تو نہیں نا، بھکا بھوس۔
اگر مجھے آپ کے بارے میں زیادہ کچھ پتا ہوتا تو انسانوں کی تاریخ کے پردے پر آپ کی تصویر اور زیادہ بھرپور انداز میں لکھتا۔
خدا حافظ، بھکا بھوس!
ہاں، ایک آخری بات۔ کبھی اپنا اصل نام تو بتا دینا۔
[29 اگست، 2019، لاہور]

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted