دو پچھتاوے میری زندگی کا دکھ بن چکے ہیں۔ یہ جب بھی یاد آتے ہیں، کچوکے دینا شروع کر دیتے ہیں۔
کئی برس ہوئے، جب کی بات ہے۔ تب روپے کی قدروقیمت اتنی گِری نہیں تھی۔ جن لوگوں نے ابھی کمانے کا آغاز کیا تھا، ان کے لیے ایک روپیہ بہت ہوتا تھا۔ ایک روپے میں چائے کا ایک کپ مل جاتا تھا۔ اور دال روٹی بھی چند روپوں میں کھائی جا سکتی تھی۔
اب میں سوچتا ہوں، کتنی چیزیں تھیں، اس وقت جن کا لطف لیا جا سکتا تھا۔ اور جیسے کہتے ہیں، نہ ہینگ لگے نہ پھٹکڑی، رنگ بھی چوکھا۔ اسی طرح، ایک دھیلا بھی خرچ نہیں ہوتا تھا، اور زندگی کی کتنی نعمتیں کتنی آسانی سے حاصل ہو جاتی تھیں۔
ان میں سے ایک نعمت پیدل چلنا بھی تھا۔ سڑکوں پر ابھی بہت زیادہ بھیڑ بھڑکا نہیں تھا۔ یا پھر کچھ اوقات میں ہی ٹریفک زیادہ ہوتی تھی۔ اور درمیان میں یا کچھ دنوں میں کچھ اوقات ایسے آ جاتے تھے، جب انسانوں اور انسانوں کا ہجوم اور گاڑیوں کی قطاریں سڑکوں سے کہیں غائب ہو جاتی تھی۔ جہاں تک فٹ پاتھ کا تعلق تھا، وہ تو ابھی تک صرف پیدل چلنے والوں کی آماجگاہ تھے۔ ابھی تک فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا حق تھا۔ اب تو پیدل چلنے والوں سے یہ حق بھی چھِن گیا ہے۔
میری زندگی کی ایک بڑی مزے کی مہم، صبح کالج جاتے ہوئے، بس یا ویگن سے بیچ راہ میں اترجانا ہوتا تھا۔ اور وہاں سے پیدل کالج تک جانا، ایسا جانفزا سفر ہوتا تھا، جو اب بھی مجھے تڑپاتا رہتا ہے۔ سوچتا ہوں، کہیں جانا ہو تو پیدل چلا جاؤں۔ پر اب سڑکوں پر نہ پیدل چلنے کی جگہ رہی ہے، نہ فٹ پاتھ رہے ہیں۔ اب فٹ پاتھ پر موٹر سائیکلیں چلنے لگی ہیں۔ جہاں کہیں فٹ پاتھ، ابھی تک پیدل چلنے والوں کی دسترس میں ہیں، ایسی جگہیں اب بہت کم رہ گئی ہیں۔ اور وہ بھی محفوظ نہیں۔
سردیاں تو ٹھیک تھیں۔ گرمی زیادہ نہ ہو تو عام طور پر میں کالج سے واپسی پر کچھ نہ کچھ فاصلہ پیدل طے کرتا تھا، اور پھر بس یا ویگن میں سوار ہوتا۔ آج واپسی پر مجھے ویسے بھی ایک رجسٹری کرنی تھی۔ میں کالج سے جینرل پوسٹ آفس تک، جو مال روڈ پر تھا، پیدل آیا۔ دن کا وقت تو ختم ہو چکا تھا۔ اب شبانہ ڈاکخانہ کھُلا تھا۔ کم کم لوگ، اور کم کم ملازم موجود تھے۔ میں نے رجسٹری کی۔ شبانہ ڈاکخانے سے رجسٹری کی جائے تو ایک روپیہ زیادہ لیتے تھے۔ اس کھڑکی پر دو ملازم بیٹھے تھے، اور خوش گپیاں کر رہے تھے۔
رسید پکڑاتے ہوئے ایک ملازم نے کہا: دو روپے اور دیں۔
میں نے حیرانی اور غصے میں کہا: کس چیز کے۔
اس نے مسکراتے ہوئے کہا: چائے کا جرمانہ۔
میں نے ہاتھ میں تھامے ہوئے روپوں کو گِنا، اور واپس چل پڑا۔
راستے بھر میں سوچتا رہا، میں نے انھیں دو روپے کیوں نہ دیے۔ دے دینے چاہیے تھے۔ کونسی اتنی بڑی رقم ہے۔
عجیب بحثا بحثی میرے اندر جاری تھی۔ انھوں نے کتنی خوش دلی سے کہا تھا۔ کیا حیثیت ہے دو روپوں کی۔ میں بخیل کیوں ہو گیا۔ یا کچھ اور تھا۔ ہاں، ایک اور بات بھی ہے۔ سرکار اور سرکاری ملازموں پر بھروسہ کون کرتا ہے۔ جب داؤ لگے، پیسے کھینچ لیتے ہیں۔ لوگوں کا خون چوستے ہیں۔ کس کس طرح تنگ کرتے ہیں لوگوں کو۔ ذراسا کام ہو، ہفتے اور مہینے لگ جاتے ہیں۔ رشوت علاحدہ لیتے ہیں۔ کیوں دیتا میں انھیں دو روپے۔
یہ دو روپے، میرے لیے روگ بن گئے۔ جب بھی میں جینرل پوسٹ آفس جاتا، یا اس کے قریب سے گزرتا، یہ دو روپے مجھے ستانے لگتے۔ کئی موقعوں پر میں نے یہ واقعہ اپنے دوستوں کو بھی سنایا، اپنا دکھ بٹانے کے لیے۔ اپنی کلاس کو بھی بتایا۔ میں اپنا بوجھ ہلکا کرنا چاہتا تھا۔ مگر یہ دو روپے بہت بھاری ثابت ہوئے۔
آج میں یہ جو کچھ لکھ رہا ہوں، یہ یہی دو روپے ہیں، جو لکھوا رہے ہیں۔ دو روپوں کی قدروقیمت کتنی بڑھ گئی ہے۔ ان سے کچھ خریدا جا سکتا ہو یا نہیں، پر انھوں نے اپنا دکھ مجھے بیچ دیا ہے۔
میرا پہلا پچھتاوا، یہ دو روپے ہیں۔
دوسرا پچھتاوا، میں کچھ کہہ نہیں سکتا، خیالی ہے یا حقیقی۔ میرے ساتھ پیش تو ضرور آیا۔ واقعتاً پیش آیا۔ یہ پہلے پچھتاوے کی طرح عام زندگی کا ایک عام تجربہ ہے، جو میرے لیے خاص بن گیا۔ یا پھر کسی خاص زندگی کی دین ہے۔ ایک ایسی زندگی، جسے ہم درخورِاعتنا نہیں سمجھتے۔ بس نظروں سے گزار دیتے ہیں۔ کچھ دیکھا، بھول گئے۔ کچھ سنا، بھلا دیا۔ کچھ محسوس کیا، اور دفع کر دیا۔
یہ دوسرا پچھتاوا، عجیب سی بات ہے۔ خود میری سمجھ میں نہیں آتا، میرے ساتھ یہ ہوا کیا۔ مگر یہ کوئی خواب نہیں۔ میں سو نہیں رہا تھا۔ نہ دن میں بیٹھا اونگھ رہا تھا کہ کچھ ٹوٹا پھوٹا خواب دیکھ لوں۔
یہ سب کچھ، کھلی آنکھوں اور کھلے ذہن کے ساتھ ہوا۔ میں نے دیکھا، محسوس کیا۔ ایک ایک تفصیل، ذراذرا سی، مجھے صاف صاف یاد ہے۔ یاد کیا، میری آنکھوں میں پھر رہی ہے، اور ذہن میں نقش ہے۔
رات نصف سے زیادہ گزر چکی تھی۔ ہلکی ہلکی سردیاں تھیں۔ میں اپنے کمرے میں بیٹھا مطالعے میں غرق تھا۔ گھر والے کہیں گئے ہوئے تھے۔ کمرہ بند تھا۔ ٹیوب روشن تھی۔ میں نیچے قالین پر بیٹھا، گاؤ تکیے سے ٹیک لگائے، لیپ ٹاپ پر سی، ای، ایم جوڈ کی ”اے گائیڈ ٹو دا فلاسفی آف مورالز اینڈ پالیٹِکس“ پڑھ رہا تھا۔ مجھے پاؤں پر کچھ چبھن محسوس ہوئی۔ فوراً خیال آیا، مچھر یا کوئی پتنگا ہے۔ میں نے پاؤں کی طرف دیکھا تاکہ جو بھی پتنگا ہے، اسے تاک لوں اور مار دوں۔ میں سیدھا ہو بیٹھا۔ ایک پل تھا، جس میں اس پر نظر پڑی، اور اس کا سراپا میرے ذہن میں محفوظ ہو گیا۔ مگراضطراری انداز میں، اسے مارنے کے لیے ہاتھ اٹھ گیا۔ اور میں نے اسے جھٹک بھی دیا۔
وہ گھڑی کی گھڑی میں غائب ہو گیا تھا۔ اب میں اسے تلاش کرنے لگا۔ لیپ ٹاپ علاحدہ رکھ کے میں اسے کمرے میں اِدھر اُدھر ڈھونڈنے لگا۔ کہاں جائے گا، اسی کمرے میں کہیں نہ کہیں ہو گا۔ قالین پر جتنی خالی جگہ تھی، میں نے اسے وہاں تلاش کیا۔ باقی تو بہت کچھ سامان رکھا تھا، وہاں کہاں ڈھونڈوں اسے، اور کیسے ڈھونڈوں۔ میں نے سوچا، چھوڑو میں کس چکر میں پڑ گیا۔ اپنی کتاب پڑھوں۔ پتہ نہیں کیا تھا۔ کہاں گیا۔
ہاں، پتہ نہیں کیا تھا۔ اب جوڈ کی گتھُی ہوئی نثر، اور دلائل، دل اور ذہن پر حاوی نہیں تھے۔ کہاں گیا وہ۔ مجھے یوں محسوس ہونے لگا، جیسے وہ مجھے غورسے دیکھ رہا ہے، اور کہہ رہا ہے، مجھے یوں جھٹک دیا، پچھتاؤ گے۔ ڈھونڈتے پھرو گے بعد میں مجھے۔ اور میں آج تک اسے ڈھونڈ رہا ہوں۔
وہ جو پل کے پل میں اس پر نظر پڑی تھی، اس نظر نے اسے پوری طرح گرفت کرلیا تھا۔ وہ کیسا تھا، کیا تھا، اگر میں کوئی مصور ہوتا تو اس کی تصویر کھینچتا اور سامنے رکھ دیتا، یہ تھا وہ ۔ ایسا تھا وہ۔ مگر میں مصورتو بالکل نہیں۔ ہاں، کوشش کرتا ہوں، لفظوں کے ذریعے اسے بنانے کی۔ جیسے وہ کوئی ڈریگن تھا، چھوٹا سا۔ یا ابھی بس اپنی طفلی میں تھا۔ اس میں چمکتا ہوا فیروزی رنگ بہت نمایاں تھا۔ اس کی آنکھیں بہت روشن تھیں، بالکل انسانوں جیسی۔ اس کا منہ کسی گھوڑے کی طرح کا تھا۔ اور جیسا دکھاتے ہیں، ڈریگن کے پنکھ، اسی طرح کے اس کے پَر تھے۔ کچھ سنہرے اور سیاہی مائل۔ قدوقامت میں بس مکھی یا اس سے کچھ بڑا سمجھ لیں۔ ایک زندہ ہستی جیسا، اور عاقل و دانا لگتا تھا۔ اپنے دو پاؤں پر کھڑا۔ دونوں پَر دونوں جانب کچھ لٹکے ہوئے۔ منہ اوپر کی طرف اٹھائے، آنکھیں میری طرف گاڑے ہوئے تھا۔ ایسا لگتا تھا، جیسے کچھ کہنا چاہتا تھا۔ بس کچھ بولنے ہی والا تھا۔ میں نے اسے موقع ہی نہیں دیا، اور جھٹک دیا۔
وہ اب بھی میری آنکھوں کے سامنے موجود ہے، اور کچھ کہنے کے لیے ہونٹ کھول رہا ہے۔ جب میں سوچتا ہوں میں نے اسے کچھ کہنے کا موقع نہیں دیا، میرا پچھتاوا اور بڑھ جاتا ہے۔ کچوکے اور گہرے ہو جاتے ہیں۔ میں نے اسے عادتاً اور اضطراری انداز میں کیوں دیکھا۔ اسے جھٹک کیوں دیا۔ اور میں نے اسے کیوں کھو دیا۔ میں خود کو کبھی معاف نہیں کر پاؤں گا۔ یہ زندگی کا کیسا رنگ تھا، میں ہمیشہ کے لیے اس سے محروم رہ گیا۔ کتنی بڑی بھول ہوئی مجھ سے۔ میں نے، جیسے سب کچھ پا کر، اس سے بھی زیادہ، بہت کچھ کھو دیا۔
اس کے پاس معلوم نہیں کیا کیا راز محفوظ تھے۔ کونسی دنیا کی خبریں، وہ مجھے سنا سکتا تھا۔ کیسی کیسی بات، بتا سکتا تھا۔ کیسے کیسے جہانوں کی سیر کرا سکتا تھا۔ میں اپنی دنیا کا قیدی بنا رہا، اور اس سے محترز ہو گیا۔
یہ دو پچھتاوے میرے ساتھ لگے ہوئے ہیں، اور مجھے اندرسے کوچتے رہتے ہیں، اور میں سوچتا رہتا ہوں، کیا میں پیدل چلنے کی نعمت سے پھر لطف اندوز ہو پاؤں گا۔ جینرل پوسٹ آفس ایک مرتبہ پھر رجسٹری کرنے جا پاؤں گا، اور خوش گپیاں لگاتے، وہ دو ملازم مجھ سے پھر چائے کے لیے دو روپوں کا کہیں گے، اور میں انھیں ہاتھ میں تھمے دو روپے دے پاؤں گا۔ کیا اسی طرح اس سرد رات کی تنہائی ایک مرتبہ پھر مل پائے گی، جب میں کتاب میں کھویا ہوؤں، اور پھر وہی ڈریگن جیسا اجنبی، مجھے پھر سے اپنی طرف متوجہ کرے، اور میں اضطراری انداز میں اسے پرے نہ جھٹکوں۔ اس کی طرف دھیان دوں۔ اسے جانوں، محسوس کروں۔ اس کی باتیں سنوں۔ اس سے دوستی کروں۔ اس کی نظر سے دنیا کو دیکھوں۔ کیا ایسا ہو پائے گا۔
میں سوچتا ہوں، کیا یہ دوپچھتاوے، یونہی، ہمیشہ میرے ساتھ لگے رہیں گے۔ یا میں کبھی ان سے آزاد ہو پاؤں گا۔ تاکہ جب درخت سے ٹوٹوں توایک ہلکے سے پتے کی طرح آسانی سے بکھر سکوں!
[20 نومبر، 2013]