انگوری باغ: خواب جو حقیقت تھا [سوانحی یادیں]

کچھ روز قبل، صبح کے وقت آنکھ تو کھُل گئی تھی، مگر جیسے آدمی سویا جاگا ہوتا ہے، میں اس طرح کی کیفیت میں تھا۔ نیند بھی غالب ہونا چاہ رہی تھی، اور ساتھ ہی ساتھ یہ خیال باربار مخل ہو رہا تھا، بس اب اُٹھ جاؤ، ورنہ پہلے پہر کا کام دوسرے پہر کرنا پڑے گا، اور یوں سارا دن گڑبڑ ہو جائے گا۔
ایک طرف یہ کش مکش جاری تھی، اور دوسری طرف ایک زندہ تصویر کہیں سے ذہن کے پردے پر نمودار ہو گئی تھی، اور مجھے حیران و پریشان کر رہی تھی۔ اس کے ہمراہ ایک دھیما سا مسرت اور ملال کا احساس بھی شامل تھا۔ مجھے یہ جاننے میں کہ یہ تصویر کہاں کی تھی، ذرا بھی دقت نہیں ہوئی۔ یہ ٹَھک سے وہیں جا جُڑی، جہاں کی تھی۔ اب میری خواہش نے ایک نیا روپ دھار لیا تھا: یونہی سویا جاگا رہوں، اور کسی طرح اس تصویر میں کھویا رہوں۔
مگر ایسا ہونا ممکن نہیں تھا۔ مجھے روشنی سونے نہیں دیتی۔ دوسرے کمرے کی کھڑکی کھلی تھی، اور روشنی حملہ آور تھی۔ میں اٹھ بیٹھا۔ شرٹ پہنی اور پھر چکی کی مشقت شروع ہو گئی۔
اسی دن سے یہ تصویرمیری نظروں کے سامنے معلق ہے۔ جس طرح یہ تصویر اپنے درست مقام پر جا کر جُڑ گئی تھی، اسی طرح، اس نے یادوں کے ایک سلسلے کو بھی مہمیز کر دیا تھا۔ ہر چیز اور ہربات یاد آ رہی تھی۔ ایک بڑی تصویر، پوری کی پوری، آنکھوں میں موجود تھی۔ مجھے یہ خیال بھی آیا کہ ہاں، جب اس وقت میں خود اس تصویرکا حصہ ہوتا تھا، اس وقت یہ تصویر ایسے نظرنہیں آئی ہو گی، جیسے یہ اب مجھے دِکھ رہی ہے۔ مگر اس وقت میرے ذہن نے اس تصویر کو ایک وسیع زاویے سے محفوظ ضرور کر لیا ہو گا، تب ہی تو یہ اب سامنے آ موجود ہوئی ہے۔
یہ ہوبہو وہی تصویر تھی۔ باقاعدہ ترتیب سے لگے درختوں کے ایک گھنے جنگل جیسی۔ بلکہ یہ ایک نیم جنگل ہی تھا۔ بس اس کا رقبہ بہت زیادہ نہیں تھا۔ درختوں کے درمیان کشادگی ایسی تھی کہ لوگ باگ آرام سے چل پھِر سکتے تھے۔ درخت بھی بڑے اوراونچے اونچے۔ آم اور جامن کے جو تھے۔ سورج کی روشنی صرف چھن کر آ سکتی تھی، اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ نہیں۔ یوں جھلمل کرنوں کاایک میلہ لگا نظر آتا تھا۔ اورشام کے جھٹپٹے میں، آدمی خود کو بس ایک جنگل میں موجود سمجھ سکتا تھا۔
ویسے عام دنوں میں لوگ یہاں کم ہی آتے تھے۔ سارے شہر میں لوگ بھی تو کم کم ہی تھے۔ ابھی جم گھٹا نہیں لگا تھا لوگوں کا۔ ہاں، جب میلہ چراغاں کے دن آتے، تو کئی دن پہلے سے رونق شروع ہو جاتی، اور کئی دن بعد تک جاری رہتی۔ ان دنوں یہاں درختوں کے درمیان لوگ سیر کرنے آتے، اور مختلف لوگ مختلف اشیا بیچنے بھی۔ لیکن یوں کبھی نہیں ہوتا کہ جیسے بھیڑلگ گئی ہو۔ بھیڑ بس سڑک پر ہوتی اور رہتی، اور بہت رہتی۔ جس دن میلہ شروع ہوتا، اس دن صبح سے سنگھ پورے کے سٹاپ سے پولیس سڑک بند کر دیتی، اور دوسری طرف پاکستان منٹ سے پرے تک۔ لوگ پیدل آتے جاتے۔ نہ صرف شہر کے باسی، بلکہ اردگرد کے گاؤوں سے لوگوں کے غول کے غول آتے، ناچتے گاتے، ڈھول بجاتے۔ اور سڑک کھچاکھچ بھری ہوتی۔ کھوے سے کھوا چھِلتا۔
مگر آم اور جامن کے درختوں کے اس جھنڈ میں لوگ بہت کم آتے۔ خود سڑک، جو دونوں جانب سے مٹھائی، کھلونوں، برتنوں کی دکانوں اور پھر جھولوں، سرکسوں اورتھیٹروں سے سجی ہوتی۔ درختوں کے درمیان کوئی دکان سج بھی نہیں سکتی تھی، بس یہاں چل پھر کر بیچنے والے پھیری لگاتے۔ درختوں کا یہ جھنڈ شالامار باغ کے سامنے، سڑک کے دوسری طرف، ذرا فاصلے پر تھا۔
یہ ساری باتیں، ساری تصویریں اب مجھے یاد آ رہی تھیں۔ ابھی ستائیس مارچ کو میلہ چراغاں شروع ہوا، اور انتیس کو ختم۔ مگر کچھ پتا ہی نہیں چلا۔ جیسے جنگل میں مور ناچا، کس نے دیکھا۔ یعنی انسانوں کے جنگل میں مور ناچا، کس نے دیکھا۔ نہ تو سڑک بند ہوئی، نہ لوگوں کی ٹولیاں، ناچتی، گاتی، مادھو لال حسین کے مزار کی طرف جاتی نظر آئیں۔ ابھی کچھ سال پہلے تک، خود ہماری گلی اور سڑک سے کئی ٹولیاں چادر چڑھانے جاتی تھیں۔ اور ڈھول کی آواز کانوں میں ضرور پڑتی۔ جو پہلے رات گئے تک آیا کرتی تھی۔
خود مادھو لال حسین کا مزار جیسے لوگوں کی رہائشوں کے انبار تلے دب کر رہ گیا ہے۔ پھیلتی سڑکوں اوربازاروں نے اپنے دونوں جانب وہ تمام جگہ گھیر لی ہے، جہاں مٹھائی، کتلمے، کھلونوں، برتنوں کی دکانیں لگا کرتی تھیں۔ جہاں آسمانی جھولا، جھولا جاتاتھا۔ سرکس دیکھے جاتے تھے۔ سوہنی مہینوال، ہیر رانجھا کا تھیٹر سجتا تھا۔ ”موت کا کنواں“ اور ”موت کا گولہ“ لگا کرتا تھا۔ بارہ من کی دھوبن بائیسکوپ پراپنا جلوہ دکھاتی تھی۔ شالا مار کے بازومیں وہ بڑامیدان، جہاں لکی ایرانی سرکس مہینہ بھر یا اس سے بھی زیادہ دیر تک لگا رہتا تھا، وہاں پہلے بازار بنا، اوراب پارکنگ کی جگہ بن گئی ہے۔
مجھے یاد آیا، یہ سب کچھ بہت بعد میں ہوا، اور کسی کے دھیان میں بھی نہیں آیا۔ آم اور جامن کے درختوں کا یہ جھنڈ تو کہیں پہلے غائب ہو گیا تھا۔ کب ختم ہوا، مجھے خود یاد نہیں۔ انسانوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اور انھیں رہنے کی جگہ چاہیے تھی۔ درختوں کا یہ جھنڈ، انسانوں کے جھنڈ نے کھا لیا۔ ”انگوری باغ“ کی جگہ ”انگوری باغ سکیم“ نے لے لی۔ انسانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو چلنے اورسفرکرنے کے لیے جگہ چاہیے تھی، سڑکوں کو چوڑا کر دیا گیا۔ انسانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کھانا بھی چاہیے، کپڑا بھی، اورلاتعداد اشیا بھی، مستقل دکانیں بن گئیں۔
شالامار باغ بھی جیسے کسی ہجوم میں پھنس کر رہ گیا ہے۔ ہر طرف سے پھیلتی آبادی، دکانیں، سڑکیں، اس کا دم گھونٹے دے رہی ہیں۔ گرد و غبار، دھواں، کالک اسے پامال کر رہی ہے۔ درخت تک سبزنہیں رہے، سیاہی مائل ہو رہے ہیں۔ سڑک پھیلتی پھیلتی اس کے چہرے پر سوار ہونے جا رہی ہے۔ بلکہ اب شالامار باغ کے سر کے اوپرایک مسافر ٹرین چلے گی۔ لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہو گئی ہے، اور انھیں اپنی منزل پر پہنچنے کی جلدی بھی ہے۔ انھیں تیز رفتار سواری درکار ہے۔ یہ شالامار باغ تو کیا، ہر چیز کو روند کر اپنی منزل پر شتابی سے پہنچنے کے لیے بیتاب ہیں۔
شالامار کے صدر دروازے کے بالکل سامنے ایک قدیم سرنگ بھی ہے، جو ابھی تک موجود ہے، مگرجیسے دونوں جانب سے پھیلتی سڑکوں نے اسے پچکا کر ڈھانے کی قسم کھالی ہے۔ بس اس سے ذرا آگے، آم اور جامن کے باغ کا جھنڈ تھا، جو ”انگوری باغ“ کہلاتا تھا۔ یہ کب کا غارت ہوا۔ اب وہاں انسانوں کی افزائش ہو رہی ہے۔ دیواریں اُٹھ رہی ہیں۔ ایک منزلہ، دو منزلہ، تین منزلہ گھر بن رہے ہیں۔ دکانیں کھل رہی ہیں۔ بینک تعمیر ہو رہے ہیں۔ کسی کوپتا نہیں، لوگ یہ دوڑ کب تک دوڑیں گے۔ کہاں رکیں گے۔ کہیں رکیں گے بھی یا نہیں۔ یا کوئی قیامت ہی انھیں روکے گی۔ یہ اپنے گرد و پیش سے اتنا بے پروا، بیزار اورمایوس کیوں ہو گئے ہیں۔ انھیں کیوں خبرنہیں ان کے ارد گرد کیا کچھ تھا، جو، اب نہیں رہا۔ ان کا گھر اتنا تنگ کیوں ہو رہا ہے کہ بس چار دیواروں کے اندر گھُٹ کر رہ گیا ہے۔
ایسے ہی خیالات اور سوالات مجھے اس دن سے تنگ کر رہے ہیں۔ درختوں کا وہ جھنڈ، ”انگوری باغ،“ جسے حیوانوں کی طرح بڑھتی، انسانوں کی آبادی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، کبھی کیا، ابھی کوئی چار پانچ دہے پہلے حقیقت تھا۔ یہ کیسے لوگ ہیں۔ انھوں نے ایک حقیقت کوخواب بنا دیا۔ لوگ تو خواب کو حقیقت بناتے ہیں۔ یہ کیسا خواب تھا، جس نے مجھے ایک حقیقت کو پھرسے دِکھا دیا۔ ایک خواب، جو بس اب میری آنکھوں کے پردے پرنقش رہ گیا ہے۔ کوئی اور بھی ہے، جسے وہ حقیقت یاد ہے، جو اس حقیقت کا خواب دیکھتا ہے، جب یہاں شالا مار باغ کے بالکل سامنے، ذرا فاصلے پر، سڑک کی دوسری طرف، باقاعدہ ترتیب سے لگا، آم اور جامن کے درختوں کا ایک باغ، ایک ”انگوری باغ “ ہوا کرتا تھا۔ کیا وہ باغ پھر سے اُگ سکتا ہے۔ کیا میرا یہ خواب اس حقیقت کو پھر سے حقیقت بنا سکتا ہے۔
جس دن سے میں نے درختوں کے اس جھنڈ، ”انگوری باغ “ کا خواب دیکھا ہے، اس دن سے میرے لیے خواب اور حقیقت، دونوں، جیسے گڈ مڈ ہو کر رہ گئے ہیں۔ مگر پھیلتی، سانپ کی طرح بل کھاتی اور اِدھر اُدھر بھاگتی سڑکیں، استوار ہوتے ستون، تعمیر ہوتی دکانیں، اور ہر جگہ کیڑوں کی طرح کلبلاتی انسانوں کی تعداد، یہ احساس دلائے بغیر نہیں رہتی کہ حقیقت یہی ہے۔ اور خواب کب کا بیت چکا۔ ترتیب وار درختوں کا وہ جھنڈ، وہ ”انگوری باغ “ انسانوں کے لاتعداد پیروں تلے روندا جا چکا ہے۔ مگر ہو سکتا ہے کہ انسانوں اور ان کے گھروندوں کے نیچے ان درختوں کی جڑیں اب بھی زندہ ہوں اور سانس لے رہی ہوں۔ اور عجب نہیں کسی دن زمین کو پھاڑ کر اوپر نکل آئیں اور حقیقت پھر سے خواب بن جائے! مجھے یقین ہے ایسا ضرور ہو گا۔ میں مانتا ہوں، اگر حقیقت، خواب بن سکتی ہے، تو خواب بھی حقیقت بن سکتا ہے!
[6اپریل،2017]

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted