پہلے کس طرح کی زندگی تھی آج سوچو تو عیجب سا معلوم ہوتا ہے۔
اکثر ذی حیات اکٹھے رہا کرتے تھے۔ اسی گھر میں، جہاں ایک پورا خاندان رہ رہا ہے، وہیں مرغیاں، بطخیں، کبوتر، خرگوش بھی رہ رہے ہیں۔ اور بکریاں بھی۔ یہ تو پالتو ہوتے تھے۔ جو پالتو نہیں، وہ بھی اسی گھر پر حق رکھتے تھے۔ گھر میں درخت ہوتے تھے۔ اور گھر کے باہر گلی میں بھی۔ ان درختوں پر چڑیاں، طوطے، مینا، بلبل، فاختہ، کوے، اور بعض اوقات چیلیں تک سستانے آ جاتی تھیں۔
مگر اب کیا زمانہ آ لدا ہے کہ گھر بے گھر ہو کر رہ گئے ہیں۔ بس کہیں کہیں کسی کسی گھر میں آپ کو پرندے نظر آ جائیں گے۔ جب درخت ہی نہیں رہے، تو پرندے کہاں آئیں گے، کیا کرنے آئیں گے۔ جہاں کہیں جس کسی گھر میں کوئی پرندہ، جیسے کہ طوطے، کبوتر، یا قمریاں نظر آ جائیں، تو وہ پنجرے میں قید ہوں گے۔
خود مجھ پر ایک ایسا دور آیا کہ یہ سب جانور پرندے گھر میں برے لگنے لگے۔ گند اور غلاظت ہوتی تھی۔ معیوب لگتا تھا۔ صفائی، ستھرائی اور صاف ماحول کا شوق چرانے لگا تھا۔ مگر ہاں، پودوں سے میرا عشق قائم رہا۔
آہستہ آہستہ گھر میں سے جانور، پرندے، درخت سب ختم ہو گئے۔
جانوروں اور پرندوں کی جگہ صفائی نے لے لی۔ درختوں کی جگہ گملوں میں لگے پودوں نے لے لی۔ گو ان پودوں پر تتلیوں کا آنا بند نہیں ہوا۔
بچے کچھ بڑے ہوئے، تو دونوں میں جانوروں کے ساتھ محبت جاگی ہوئی تھی۔ میں نے کوئی روک ٹوک نہیں کی۔ سوچا ایسے ہی سہی، جس بھرے پُرے ماحول میں، میں رہا ہوں، انھیں کچھ تو احساس رہے اس کا۔ انھیں یہ بھی پتا چلے کہ دنیا میں یہ جانور اور یہ پرندے بھی ہیں۔ اور ہماری زندگی کا حصہ ہیں۔
کبھی آسٹریلین طوطے آ رہے ہیں۔ کبھی فشر طوطے لائے جا رہے ہیں۔ کبھی مرغیوں کے بچے اور کبھی بطخ کے بچے۔ پھر خرگوش یا کچھ اور۔ کبھی چڑیا کا بچہ گر کر زخمی ہو گیا، تو اس کا علاج ہو رہا ہے۔ کبھی مینا کے بچے کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ اور کبھی فاختہ کے بچے کی۔
ایکویرئیم بھی خریدا گیا۔ مچھلیوں کی نو بہ نو قسمیں رکھی گئیں۔ مگر چند ماہ زندہ رہ کر مر جاتیں۔
رنگ برنگی چھوٹی چھوٹی مچھلیاں تو خود مجھے بھی بہت پسند تھیں۔ کیا نظارہ ہوتا تھا۔ بیٹھے انھیں دیکھتے رہو۔ بہت مزا آتا، اور تسکین بھی ملتی۔
ایک دفعہ درجن بھر سے زیادہ مچھلیاں خریدی گئیں۔ ان میں ایک جوڑا تو بہت ہی چھوٹا تھا۔ کوئی پونا انچ لمبائی ہو گی ان کی۔ پانی میں لائیٹ جلاتے تو خوب چمکتیں۔
کچھ دنوں بعد بھائی دو کیٹ فِش لے آیا۔ چار سے پانچ انچ لمبی ہوں گی۔ انھیں بھی ایکویرئیم میں ڈال دیا گیا۔ صبح اُٹھے تو دونوں چھوٹی مچھلیاں غائب تھیں۔ سوچا فلڑ میں نہ پھنس گئی ہوں۔ مگر پورے ایکویرئیم میں کوئی نام و نشان نہ ملا ان کا۔
تب دونوں کیٹ فش کو نکال کر ایک اور شیشے کے برتن میں رکھا گیا۔ یہی بڑی مچھلیاں ان چھوٹی مچھلیوں کو کھا گئی تھیں۔
ایک مرتبہ منصوبہ بنا کہ بطخ کے بچے پالے جائیں۔
مجھے پرانی یاد آ گئی۔ ہاں، ہمارے گھر میں تو بطخ کے بچے نکالے جاتے تھے۔ جیسے مرغی کو انڈوں پر بٹھاتے ہیں، اسی طرح۔
بطخ کے ساتھ سات آٹھ بچے ہوں گے۔ آگے آگے بطخ، پیچھے پیچھے وہ سب۔ پیپ پیپ کرتے۔ جیسے مرغی کے بچے ہوتے ہیں۔
نانا انھیں ایک ٹوکری میں اٹھاتے۔ گھر کے بالکل سامنے ایک چھوٹی نہر بہتی تھی۔ اس میں ڈال دیتے۔ بچے اور بطخ تیرتے رہتے۔ پھر اسی ٹوکری کو نہر میں ڈال کر تمام بچوں کو باہر نکال لیتے۔ جیسے کڑھائی میں سے پکوڑے نکالتے ہیں۔
یوں بطخ کے دو بچے گھر آ گئے۔ ہفتہ دس دن عمر ہو گی ان کی۔ چھوٹا بیٹا ان کی دیکھ بھال کرتا۔ بڑا پڑھائی میں زیادہ مصروف تھا۔ مگر وہ بھی ضرورت ہوتی تو ان کا خیال رکھتا۔
انھیں ایک کارٹن میں سلایا جاتا۔ سردیاں تھیں۔ روئی اور پرانے کپڑے ملا کر ان کا بستر بنا۔
ان کے لیے دانہ لایا گیا۔ دن میں تین مرتبہ کھلایا جاتا۔ پانی پلایا جاتا۔
جب انھیں کارٹن سے باہر نکالتے، تو دونوں بولنا شروع ہو جاتے۔ اندر بھی بھوکے ہوتے تو بہت بولتے۔
دونوں ساتھ ساتھ رہتے۔ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے۔ لمس کا احساس ان کے لیے ناگزیر تھا۔ ساتھ لگ کر لیٹتے۔
ڈیڑھ دو ماہ بعد کچھ بڑے ہوئے معلوم ہونے لگے۔ اب کارٹن چھوٹا پڑ گیا۔ بڑا کارٹن لایا گیا۔
باہر آتے، کھانا کھاتے، پانی پیتے، تو بیٹ بھی کرتے۔ چھوٹا بیٹا بعد میں وہ بھی صاف کرتا۔ تاکہ فرش گندہ نہ رہے۔
مجھے یاد آتا پہلے کیسے خاص طور پر بطخیں، مرغیاں گھر میں پھرتی رہتی تھیں۔ وہیں بیٹ بھی کرتیں۔ اسے کچھ اتنا برا بھی نہیں سمجھا جاتا تھا۔ جب صحن میں جھاڑو دی جاتی تو وہ بھی صاف ہو جاتی۔
وہیں گھر کے سارے کام ہو رہے ہیں، وہیں بطخیں، مرغیاں بھی چل پھر رہی ہیں۔
ویسے ہوتا یہ تھا کہ صبح اٹھتے ہی انھیں گھر سے باہر ہانک دیا جاتا۔ وہ سارا دن گلی میں ادھر ادھر پھرتیں۔ جو مل جاتا، کھاتیں۔ اور شام ہوتے ہی، خود گھر کے دروازے پر پہنچ جاتیں۔
ہاں، تب دروازہ بند کرنے کا رواج ہی نہیں تھا۔ پردہ پڑا ہوتا دروازے پر۔ وہ پردے کے نیچے سے خود اندر آ جاتیں۔ اور پھر انھیں دڑبے یا ٹاپے میں بند کر دیا جاتا۔
کبھی معلوم ہوتا کہ کوئی بطخ یا مرغی کم ہے۔ تب ڈھنڈیا پڑتی۔ گھر گھر جا کر پوچھا جاتا۔ کھو جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔
گمشدہ بطخ یا مرغی بعض اوقات محلے کے باہر اُگی جھاڑیوں میں بھی رات گزار لیتی۔ اگلے دن شام کو خود گھر آ جاتی۔
مرغیاں، بطخیں بعض دفعہ انڈے بھی باہر جھاڑیوں میں دے آتیں۔ بچے اٹھا لے جاتے۔ اور اس پر چھوٹی موٹی لڑائی ہوتی۔
مگر اب یہ کام مشکل تھا۔ پہلے ایک طوطا پالا تھا۔ وہ بہت شور مچاتا۔ آواز بھی بہت کرخت تھی اس کی۔ بالآخر اسے بیچنا پڑا۔
شور کیوں نہیں تھا اس وقت؟ یا برا نہیں لگتا تھا؟ اب یہ بات سمجھ میں نہیں آتی۔
قمریاں لینے گئے تو بہت اچھی لگیں۔ سفید دودھ جیسی۔ معصوم حد سے بڑھ کر۔ کچھ دنوں بعد پتا چلا کہ بہت بولتی ہیں۔ گوکہ یہ سنا پڑھا تھا کہ ’’حق ہو‘‘ پڑھتی ہیں۔
اقبال شاعر نے تو ان کے بولنے کو ’’فغاں‘‘ کا نام دیا تھا۔ اُڑا لی قمریوں نے، طوطیوں نے، عندلیبوں نے/چمن والوں نے مل کر لوٹ لی طرزِ فغاں میری۔
اسی طرح طوطوں کی فشر قسم تھی۔ بڑی بڑی آنکھیں۔ چڑیا سے کچھ بڑے۔ ایک جوڑا ہرے رنگ کا لیا اور ایک نیلے رنگ کا۔
گھر آنے کے چند دنوں بعد جب شوق کچھ ماند پڑا تو یہ شور بھی گراں گزرنے لگا۔
بطخوں کو کوئی چار ماہ ہو چکے تھے۔ خاصی بڑی ہو گئی تھیں۔
چھوٹا بیٹا ہی انھیں کھانا کھلاتا تھا، وہ اس کے پیچھے پیچھے چلتیں۔ قائیں قائیں کرتیں۔ وہ کھڑا ہو کر روٹی کے ٹکڑے توڑ توڑ کر انھیں ڈالتا۔ وہ چونچ اٹھا کر اس کی طرف دیکھتی رہتیں۔ ایک بطخ ساکن کھڑی نہیں ہوتی تھی، اِدھر اُدھر گھومتی۔ چکر کاٹتی بیٹے کے دونوں پاؤں کے بیچ میں سے نکلتی، پھر چونچ اٹھا کر اس کی طرف دیکھنے لگتی۔ پھر چکر کاٹتی۔ دوسری بطخ اس کی نقل کی کوشش کرتی۔
ایک بات نے مجھے بہت حیران کیا۔ ویسے سارے ہی پالتوں جانوروں میں یہ بات ہوتی ہے۔ جو انھیں خوراک مہیا کرتا ہے، وہ اسی کے ہو کر رہ جاتے ہیں۔ (اب تو خونخوار جانوروں کے ضمن میں ایسا ہی دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ڈسکوری، نیشنل جیوگرافک پر نظر ڈال لیں۔)
وہ انھیں باہر نکالتا، کھانا کھلاتا۔ پانی بہت پیتیں۔ ذرا سا دانہ کھایا، اور پانی کی طرف بھاگیں۔ بلکہ ایک دوسرے کی نقل میں بعض دفعہ دانہ کھائے بغیر پانی کی طرف بھاگتیں۔ اور جب سیر ہو جاتیں، تو خود ہی چھلانگ مار کر اپنے ٹھکانے کے اندر داخل ہو جاتیں۔
حیرانی یہ تھی کہ یہ کس طرح اس زندگی کی عادی ہو گئی ہیں۔ کھایا پیا اور اپنے پنچرے میں۔ لوگ بھی تو ایسے ہی عادی ہو جاتے ہیں۔ اپنے کھانے پینے کا بندوبست کیا اور گھروں میں گھس گئے۔ باہر جو بھی ہوتا رہے۔
ہاں، مگر آزاد ملکوں میں، یعنی جہاں شہریوں کو آزادی میسر ہے، وہاں گھریلو زندگی سے زیادہ اہم سماجی زندگی ہے۔ ان ملکوں میں لوگوں کے لیے معاشرہ بھی اپنے گھر سے بڑا ایک گھر ہے۔
جب مجھے انقرہ جانے کا موقع ملا تھا، تو میں ششدر رہ گیا تھا۔ یوں لگتا تھا کہ شام کو لوگ گھروں میں ٹکتے ہی نہیں۔ ہوٹل کھچا کھچ بھرے ہیں۔ سڑک کے دونوں جانب، تین تین منزلہ ریسٹورینٹ ہیں۔ اور صرف مرد ہی نہیں، عورتیں بھی ساتھ ہیں۔
تو کیا ہم ابھی بطخوں کی طرح زندہ ہیں؟ مجھے پریشانی ہوتی، یہ سوچ کر۔ نہیں ایسا نہیں، میں خود کو تسلی دیتا۔
جب بطخیں بڑی ہوئیں، تو یہ سوال پیدا ہوا کون نر ہے اور کون مادہ۔ یوٹیوب پر تلاش کی گئی۔ پتا چلا کہ مادہ کی آواز تیز ہوتی ہے، اور نر کی آواز بھاری۔ لیکن جو نر تھا، اس کی آواز بہت باریک اور دھیمی تھی، جیسے کوئی چھوٹا بچہ بول رہا ہو۔ جبکہ جو مادہ تھی، اس کی آواز بڑی کڑاکے دار۔ وہ بولتی تو دوسرے کمرے تک سنائی دیتی، قائیں قائیں قائیں۔ نر بولتا، تو ہیں ہیں کرتا۔ ہم سب ہنستے۔ مذاق اڑاتے اس کا۔
مادہ کا جسم کچھ دبلا تھا۔ سمارٹ۔ نر بڑا، اور بھاری۔ مادہ کا رنگ، کچھ کالا، کتھئی، اور مٹیالا۔ نر زیادہ سفید اور کچھ سیاہ۔ جیسے جیسے بڑا ہو رہا تھا، اس کی گردن اور سر کے اوپر بالوں اور پروں میں سبز اور نیلا رنگ چمکنے لگا تھا۔ بہت خوبصورت لگتا۔
قریب پانچ ماہ بعد بطخ اور بطخا دونوں خوب پل گئے۔ اب نر کی آواز بھاری ہو گئی۔ گھیں گھیں بولتا۔ اس کا نام ہی موٹا پڑ گیا۔
پہلے اسے ذرا سا ڈراؤْ تو ڈر جاتا تھا۔ بطخ کے پیچھے پیچھے رہتا، اب وہ غصیلا ہو گیا۔ اسے چھیڑو تو لڑنے پر اُتر آتا۔ گردن کے پر پُھلا لیتا۔ اچھل کر حملہ کرتا۔ بطخ کو پکڑو تو پیچھے بھاگتا۔
چھ ماہ ہوئے، تو بطخ اور بطخا دونوں جوان ہو گئے۔ ان کے لیے ایک بڑا پنجرہ لیا گیا۔ خوراک اور پانی کے لیے علاحدہ علاحدہ برتن بھی۔
مگر میں کہتا یہ تو کھلے پھرنے والے جانور ہیں۔ انھیں پانی وافر چاہیے۔ ویسے شروع ہی سے انھیں ایک بڑے ٹب میں پانی بھر کر دیا جاتا تھا، وہ نہاتے، اپنے روئیں پر جھاڑتے۔ اپنی صفائی کرتے۔ سردیاں تھیں، اور دھوپ کا مزا لیتے۔
اب انھیں گیراج میں کھلا چھوڑ دیا جاتا۔ وہ وہیں پھرتے۔ کھاتے پیتے۔ بیٹ کرتے۔ اور جب کوئی گیراج میں سے گزرتا یا باہر سے آتا، تو بطخا تو جیسے گیراج کا مالک بن بیٹھا ہو، اس کے پیچھے بھاگتا، اور پاؤں پر کاٹنے کی کوشش کرتا۔ ہٹاؤ تو اور غصے سے حملہ آور ہوتا۔ اس کا مقابلہ کرنا مشکل ہو گیا۔ وہ ضدی اور کٹکھنا ہو گیا تھا۔
ایک اور بات۔ ان میں بھی انا اور اکڑ تھی۔ زور زبردستی ہٹاؤ، یا پاؤں کے نیچے گردن دباؤ، تو پیچھے تو ہٹ جاتے، مگر فوراً اپنے پروں کو اور دُم کو جھٹکتے، جیسا زبردستی کی گرد جھاڑ رہے ہوں۔
بعض اوقات ڈر لگتا کہ کہیں پاؤں سے ہٹاتے دھکیلتے اسے چوٹ نہ لگ جائے۔ پر وہ باز نہ آتا۔ پورا مقابلہ کرتا۔ جتنا ہٹاؤ، اتنا کاٹنے کو دوڑتا۔ بطخ چپ چاپ دور کھڑی یہ تماشا دیکھتی رہتی۔
اب یہی حل تھا کہ انھیں بند رکھو۔ ویسے بھی گیراج میں بہت گند ہو جاتا۔ ان کا پنجرہ بھی وہیں رکھا جاتا تھا۔ بدبو بھی بہت ہوتی۔ اور جگہ تھی بھی نہیں۔ یا تو پھر چھت پر ان کے لیے علاحدہ کوئی دڑبہ بنوایا جاتا۔
مجھے یوں لگتا اب وہ اپنی شرائط ہر رہنا چاہتے ہیں۔ پنجرے میں خود داخل ہونا، تو وہ پہلے ہی چھوڑ چکے تھے۔
ہاں، چھوٹے بیٹے نے گیراج میں سے گزرنے کے لیے ایک حل یہ نکالا۔ اور یہ حل تو پہلے ہی تھا اس کے پاس۔ یہ دونوں بطخیں شروع سے فرش صاف کرنے والے برش سے جس کے ساتھ ایک لمبی چھڑی نصب تھی بہت ڈرتی تھیں۔ اسے گیراج کے اندورنی دروازے پر رکھ دیا گیا۔ گیراج میں جاتے، تو اسے اٹھا لیتے۔ بطخ اور بطخا دونوں قیں قیں کرتے دور بھاگ جاتے۔
مسئلہ یہ بھی تھا کہ پنجرے میں بند رکھو پھر بھی ان کا شور بہت تھا۔ قریب قریب ہر وقت قائیں قائیں، گھیں گھیں کرتے رہتے۔ بطخ زیادہ بولتی تھی۔ پہلے وہ بولتی۔ پیچھے اس کے بطخا گھیں گھیں کرتا۔
ان کے بولنے سے مجھے وہ ’’چیٹ رِنگ کلاسز‘‘ (Chattering classes) کی بات یاد آئی۔
جب یہ دونوں کھانا اور پانی پی کر سیر ہو جاتے، تو کچھ دیر سکون رہتا۔ پھر وہی قائیں قائیں اور گھیں گھیں شروع ہو جاتی۔
سب سے بڑھ کر مسئلہ یہ تھا کہ غلاظت اور بدبو بہت زیادہ ہونے لگی تھی۔ چھوٹا بیٹا بھی تنگ آ چلا تھا۔ اس کا شوق پورا ہو گیا تھا۔ صفائی وہی تو کرتا تھا۔
ان کا کیا کیا جائے۔ اب مختلف تجویزیں ہونے لگی تھیں۔ ذبح کر دیا جائے۔
میں نے انھیں بتایا۔ پہلے جب کوئی مہمان آتا تھا، تو مرغی یا بطخ ذبح کر دی جاتی تھی۔ یا پھر جب وہ بیمار ہوں تو۔
بچے کہتے نہیں ہم انھیں نہیں کھا سکتے۔ میں سوچتا پہلے کیسے کھا لیتے تھے۔ پہلے ان کے ساتھ اتنا انس نہیں ہوتا تھا۔ ہر گھر میں تو رکھی جاتی تھیں۔ اور جیسے خود ہی پل جاتی تھیں۔ کوئی اتنا خیال بھی نہیں رکھنا پڑتا تھا ان کا۔
پھر کسی کو دے دیتے ہیں، میں نے تجویز کیا۔ نہیں، کیوں دے دیں۔ بچوں کی رائے تھی، انھیں بیچ کر کچھ اور لیتے ہیں۔ وہ ایک چھوٹی سی چڑیا ہے، چڑیا سے بھی چھوٹی۔ لال رنگ کی۔
پر یہ دیکھ لو کہ شور مچانے والی نہ ہوں۔
تو پھر عارف کو فون کرتے ہیں۔ عارف چکن دے جاتا تھا گھر۔ اسے کہتے ہیں انھیں بیچ دے یا خود رکھ لے۔ یا پھر کوئی جو لیتا ہو، اسے بیچ دے۔ آگے اس کی مرضی وہ ذبح کرے، یا رکھے انھیں۔
ذہن نے یاد کرایا جینرل مشرف نے بھی تو لوگوں کو بیچا تھا۔ تو کیا کرتا۔ مگر کیا قانون بیچنے کو کہتا ہے؟
کل کروں گا عارف کو فون میں، آج تو اب کیا ٹائم ہے، دس بج گئے ہیں۔
کوئی کچھ نہیں بولا۔ جیسے اس تجویز پر سب کا اتفاق ہو گیا تھا۔
[8 اپریل، 2021]