اب کچھ یاد نہیں فلم کا نام کیا تھا۔ جب یوٹیوب پر کوئی وڈیو دیکھتے ہیں، تو دائیں جانب مختلف وڈیو کے نام اور تعارف چل رہے ہوتے ہیں، وہیں اس پر نظر پڑی۔ اور اسے دیکھنے پر کس چیز نے مائل کیا یہ بھی یاد نہیں۔
فلم میں اداکار بھی نامعلوم تھے۔ کم از کم میرے لیے نامعلوم ہی تھے۔ اسی طرح ڈائریکٹر، وغیرہ، بھی غیرمعروف تھے۔
پھر یہ بھی کہ فلم کی پروڈکشن بہت ہی ڈھیلی تھی۔ بہت ہی کمزور۔ نہ تو کہانی پر توجہ دی گئی تھی، نہ ہی سکرپٹ پر۔ نہ مکالموں میں کوئی جان۔ نہ اداکاری متاثرکن۔ بس یوں سمجھ لیجیے کہ اگر کچھ تھا تو مرکزی خیال تھا فلم میں، جس کی وجہ سے یہ فلم یاد رہی۔ اور میں اس کی کہانی لکھنے کی طرف مائل ہوا۔
مجھے یہ فلم دیکھ کر میکسم گورکی کی ایک کہانی بھی یاد آئی تھی۔ پوری کہانی تو یاد نہیں۔ بس کچھ چیزوں کا تاثر باقی ہے۔ غالباً مصنف رات گئے گھر واپس جا رہا ہے۔ راستے میں اسے ایک عورت مل جاتی ہے۔ وہ طوائف ہے۔ وہ اسے گھر لے جاتا ہے۔ جتنی دیر میں وہ تیار ہو کر اس کے پاس آئے، وہ بے ہوشی کی نیند سو چکی ہوتی ہے، جیسے کئی راتوں سے جاگ رہی ہو۔ وہ اسے سونے دیتا ہے۔ اور خود بھی سو جاتا ہے۔
اس فلم کو دیکھتے ہوئے، ایک پرانی پنجابی فلم ’’جبرو‘‘ (1956ء) بھی میرے ذہن میں تازہ ہوتی رہی۔ کتنی کسی کسائی فلم تھی۔ ڈائریکٹر تھے مظفر طاہر۔ فلم تیر کی طرح کہانی کے پیچھے پیچھے چلتی ہے۔ اِدھر اُدھر منہہ نہیں مارتی۔ ذرا سا جھول محسوس نہیں ہوتا۔ اسی چیز نے اسے فارمولا فلم سے مختلف بنا دیا تھا۔
خیر، یہ فلم آگے بڑھتی ہے، تو پتا چلتا ہے کہ ایک میاں بیوی ہیں اور ایک ان کی جوان بیٹی ہے۔ یہ کوئی چھوٹا یورپی یا امریکی شہر ہے، جہاں یہ خاندان رہ رہا ہے۔ عورت نے دوسری شادی کی ہے، پہلے شوہر کے مرنے کے بعد۔ بیٹی عورت کی ہے۔ مگر یوں ہوتا ہے کہ ایک حادثے میں عورت مر جاتی ہے۔
آگے چل کر یہ عیاں ہوتا ہے کہ مرد کے ارادے لڑکی کے بارے میں درست نہیں۔ اس طرح کے کچھ نازیبا واقعات کے بعد لڑکی گھر چھوڑ دیتی ہے۔ اس کی عمر کوئی سترہ اٹھارہ برس ہو گی۔
اب اس کے لیے ایک مشکل زندگی ہے۔ کچھ اور اسی طرح کے لڑکوں کے ساتھ وہ اِدھر اُدھر چھوٹے موٹے کام کرتی ہے۔ کبھی کسی سٹور پر، کبھی کسی ہوٹل پر۔
چند لڑکوں کا ایک گروہ ہے، پھر وہ اس میں شامل ہو جاتی ہے۔ یہ جہاں کسی چوک میں گاڑیاں رکتی ہیں، وہاں گاڑیوں کی ونڈ سکرین صاف کرتے ہیں، گاڑیاں بھی، اور یوں ٹِپ پر گزارہ کرتے ہیں۔ رات کو کسی بلڈنگ کے کھلے برآمدے میں سو جاتے ہیں۔
ایک کار بار بار آتی دکھائی جاتی ہے، اور اسے چلانے والا شخص لڑکی کو تاکنا شروع کر دیتا ہے۔ وہ ایک مرتبہ لڑکی کو زبردستی کار میں بٹھانے کی کوشش کرتا ہے، مگر گروہ کے دوسرے لڑکے لڑکی کا ساتھ دیتے ہیں، مزاحمت کرتے ہیں، اور کار والا فرار ہو جاتا ہے۔
اتفاق سے ایک مرتبہ لڑکی اکیلی ہوتی ہے، اور وہی کار والا آ جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک عورت بھی ہے۔ وہ اسے گن پوائنٹ پر کار میں ڈال لیتے ہیں۔
یہ لوگ ایک طوائف خانہ چلاتے ہیں۔
جب لڑکوں کے گروہ کو اپنی ساتھی لڑکی نظر نہیں آتی، تو وہ اس کی تلاش کرتے ہیں۔ جہاں جہاں اس کا جانا ممکن ہو سکتا تھا، وہ وہاں وہاں اس کے بارے میں پتا کرتے ہیں۔ مگر کچھ سراغ نہیں ملتا۔
وہ سوچتے ہیں ہو نہ ہو وہ کار والا اسے اغوا کر کے لے گیا ہو گا۔ وہ اس کار کے انتظار میں رہتے ہیں، اور جب اگلے دن وہ کار ان کے سامنے سے گزرتی ہے، تو اس کا نمبر دیکھ لیتے ہیں۔ اور یہ معاملہ پولیس تک پہنچ جاتا ہے۔
پولیس تفتیش کرتی ہے، اور اس طوائف خانے تک پہنچ جاتی ہے، جہاں لڑکی کو رکھا گیا ہوتا ہے۔ یوں وہاں سے لڑکی کی گلوخلاصی ہو جاتی ہے۔
مگر اب لڑکی فیصلہ کرتی ہے کہ وہ لڑکوں کے گروہ کے ساتھ مل کر یہ کام نہیں کرے گی۔
پھر کسی سٹور پر۔ کسی ہوٹل پر۔ یہاں وہاں چھوٹے موٹے کام کرتی ہے۔ اب وہ بالکل مایوس ہو گئی ہے۔ تھک ہار چکی ہے۔
اسے بہت سے لوگ پیش کش کرتے ہیں، جسم فروشی کے بدلے پیسوں کی۔ مگر وہ اپنی سوچ پر قائم رہتی ہے۔ وہ ایسا نہیں کرنا چاہتی۔
لیکن اسے کوئی مناسب کام نہیں مل پاتا، اور پے در پے ناکامیوں کے بعد وہ کچھ بھی کرنے پر تیار ہو جاتی ہے۔
وہ ایک ہوٹل کے باہر بیٹھی ہے۔ بھوکی ہے۔ پریشان حال ہے۔ واماندہ ہے۔ بے حال ہے۔ ایک ادھیڑ عمر آدمی ہوٹل کے باہر اسے دیکھ لیتا ہے۔ وہ اس کے پاس آتا ہے، اور پوچھتا ہے اسے کیا پریشانی ہے۔ وہ اسے کھانے کی دعوت دیتا ہے، اور وہ اس کے ساتھ ہوٹل میں آ جاتی ہے۔
وہ آدمی کھانا منگواتا ہے۔ وہ سیر ہو کر کھاتی ہے۔ وہ آدمی اسے دیکھتا رہتا ہے۔ جب وہ کھانا کھا چکتی ہے اور اس کی طبیعت کچھ بحال ہوتی ہے، تو وہ آدمی اس سے اس کی کہانی سنتا ہے۔
وہ اسے پوری کہانی سناتی ہے۔ وہ اسے بتاتی ہے اس نے گرافک ڈیزائیننگ پڑھی ہوئی ہے۔
وہ اسے بتاتی ہے کہ کس طرح وہ اپنی عصمت کی حفاظت کرتی رہی ہے۔ مگر اب اس کے پاس کوئی راستہ نہیں۔ اسے کچھ سمجھ میں نہیں آتا وہ کیا کرے۔
وہ اس آدمی کو صاف بتاتی ہے کہ وہ اس کی عصمت خرید سکتا ہے۔ اسے پیسے چاہییں، ہر قیمت پر۔
وہ آدمی اس سے پوچھتا ہے کہ اسے گرافک ڈیزائننگ کا اپنا کام شروع کرنے کے لیے کتنے پیسے درکار ہوں گے۔ وہ دونوں حساب کتاب کرکے اس نتیجے پر پہنچتے ہیں کہ اس کے لیے دس ہزار ڈالر کافی ہوں گے۔
پھر وہ آدمی اسے کہتا ہے کہ وہ دس ہزار ڈالر میں اس کی عصمت خریدنے کو تیار ہے۔
وہ لڑکی عجب تذبذبب میں ہے۔ بالکل مایوس بھی ہے اور امید کی ایک رمق بھی ہے اس میں۔
وہ آدمی ہوٹل میں ایک کمرہ بُک کرواتا ہے، اور لڑکی کو کہتا ہے کہ وہ کمرے میں جائے، نہائے دھوے اور اس کا انتظار کرے۔ وہ دس ہزار ڈالر لے کر آتا ہے۔
وہ لڑکی کمرے میں چلی جاتی ہے۔ نہاتی دھوتی ہے۔ اور کپڑے اتار کر اس آدمی کا انتظار کرنے لگتی ہے۔
دروازے پر دستک ہوتی ہے، اور وہ آدمی اندر آ جاتا ہے۔ لڑکی چادر اوڑھے بیڈ پر لیٹی ہے۔
وہ آدمی بیڈ کے قریب کرسی پر بیٹھ جاتا ہے۔ اسے ڈالر دیتا ہے اور گننے کو کہتا ہے۔ وہ ڈالر گن کر اپنے پاس رکھ لیتی ہے۔
اب وہ لڑکی منتظر ہے کہ وہ آدمی اس کے پاس بیڈ پر آئے۔ مگر وہ آدمی ایسا نہیں کرتا۔
وہ لڑکی حیران و پریشان ہے۔ اور چادر اتار کر اس کے سامنے عریاں ہو جاتی ہے۔ مگر وہ آدمی نظریں پھیر لیتا ہے۔ وہ اسے کپڑے پہن لینے کو کہتا ہے۔
وہ اسے بتاتا ہے کہ اب اس کے پاس دس ہزار ڈالر ہیں، وہ اپنا کام شروع کرے۔ اور جب اس کے پاس دس ہزار ڈالر آ جائیں، تو وہ اسے واپس کر دے۔ اور اسے اپنا پتا دیتا ہے۔
فلم آگے چلتی ہے۔ لڑکی نے گرافک ڈیزائننگ کا اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ اس کا کام اچھا چل نکلا ہے۔ اس نے ایک لڑکا اسسٹینٹ کے طور پر ملازم رکھ لیا ہے۔ ان دونوں میں انسیت کا تعلق بھی پیدا ہو گیا ہے۔ لڑکوں کا جو گروہ تھا، اس لڑکی نے انھیں بھی اپنے ساتھ ملا لیا ہے۔
ایک دن وہ لڑکا اسے شادی کے لیے پروپوز کرتا ہے۔ وہ اس کی پیش کش قبول کر لیتی ہے۔
تب وہ لڑکی اسے بتاتی ہے کہ پہلے وہ اس آدمی سے ملنا چاہتی ہے، جس نے اس پر احسان کیا۔ وہ لڑکے کو پوری کہانی سناتی ہے۔
وہ دونوں اس ادھیڑ عمر آدمی کے پاس آتے ہیں۔ وہ اس لڑکی کو دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہے۔ اس سے کام کے بارے میں پوچھتا ہے۔ وہ لڑکی اسے بتاتی ہے کہ کس طرح اس کا کام بہت اچھا چل گیا ہے۔ اور اس لڑکے سے بھی اس کا تعارف کرواتی ہے۔ اور بتاتی ہے کہ وہ دونوں شادی کرنے جا رہے ہیں۔
وہ اس آدمی کے دس ہزار ڈالر اسے واپس کرتی ہے۔ وہ انھیں واپس لے لیتا ہے، اور کہتا ہے اب تمہاری عصمت تمہاری ملکیت ہے۔ پہلے یہ میری حفاظت میں تھی۔ جاؤ اپنی زندگی بناؤ اور گزارو۔
وہ دونوں اس آدمی کو شادی میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں، اور رخصت ہو جاتے ہیں۔
[10 اپریل، 2021]