بھکا بھوس کے بعد ڈڈو ڈاکٹر دوسرے شخص ہیں، جو مجھے یاد آتے رہتے ہیں۔ اب اتنی مدت کے بعد، کوئی چالیس پینتالیس برس کے بعد بھی۔
ایک عمر کو پہنچ کر انسان پیچھے مڑ کر دیکھتا ہے۔ لوگ کہتے ہیں کیونکہ آگے کچھ نظر نہیں آتا، یعنی آگے موت نظر آتی ہے، اس لیے پیچھے مڑ کر دیکھتا ہے۔
بھئی موت تو ہمیشہ ساتھ ہے، نظر آئے یا نظر نہ آئے۔ میرا خیال ہے کہ ایک عمر کو پہنچ کر بچپن بار بار زندہ ہوتا ہے۔
ہوتا یہ ہے کہ ہمیں طمانیت ملتی ہے۔ کچھ سکون میسر آتا ہے۔ سانس لینے کا موقع ملتا ہے۔
یوں کہ زندگی کی کڑی تگ و دو سے کچھ نہ کچھ فرصت ہاتھ لگتی ہے۔ بیٹھنے کا، ٹھہرنے کا، سستانے کا، رکنے کا موقع ملتا ہے۔ وقت ملتا ہے۔ جو حاصل کرنا تھا، وہ تو حاصل کر لیا۔
اب نظر خود ہی پیچھے چلی جاتی ہے۔ کیا تھے، کیا ہو گئے۔
میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔ پورے طور پر ایسا نہیں۔ خاصی حد تک۔ سچ تو یہ ہے کہ کچھ لوگ، کچھ باتیں، کچھ منظر ساتھ ساتھ رہے۔ ہمیشہ۔ تنگ کرتے رہے۔ ویسے تو ایسے بہت سے لوگوں سے سابقہ پڑا۔ مگر اکثر تو خود ہی بھیڑ میں کہیں کھو جاتے رہے۔ محو ہو گئے۔
ان میں سے دو تو ایسے تھے، جن سے میں نے چند برس میں ہی رخصت لے لی۔ ان کا ذکر ’’دو پچھتاوے‘‘ میں ہوا۔ اسی تحریر میں ایک ’’اجنبی‘‘ کا تذکرہ بھی ہوا۔
اسی طرح ’’خواب جو حقیقت تھا‘‘ میں ایک منظر جو پرانے لاہور کی جان تھا، ایک رات خواب میں دیکھا۔ کئی دن یہ منظر آنکھوں میں گھومتا رہا۔ ذہن میں جیسے چھَپ گیا۔ لکھنا پڑا۔
’’بھکا بھوس‘‘ ان لوگوں میں سے ہیں، جو ایک کونے میں بیٹھے رہتے۔ اب تب سامنے آ جاتے اور پھر اپنی جگہ جا کر بیٹھ جاتے۔ میں انھیں ’’تھے‘‘ نہیں لکھوں گا۔
یہ بھکا بھوس ہی ہیں، جنھوں نے مجھے بہت تنگ کیا۔ بعض اوقات سامنے آ جاتے، اور ہٹنے کا نام نہ لیتے۔ خیر ایک دن ان کی ماننی پڑی۔ انھیں لکھا۔ ان کی تاریخ لکھی، مختصر ہی سہی۔ جتنا میں یاد کر سکا۔
مگر ڈڈو ڈاکٹر میرے پاس خود کبھی نہیں آئے۔ مجھے ان کے پاس جانا پڑا۔ وہ ذہن کے لامحدود کینوس پر اپنے کام میں مگن اپنے مقام پر موجود رہے۔ یہ ان کا انداز تھا، تنگ کرنے کا۔
بھکا بھوس تو آ آ کر تنگ کرتے۔ کچوکے لگاتے۔ ڈڈو ڈاکٹر ان کے بالکل الٹ نکلے۔ یہ اپنے ہسپتال میں اپنی کرسی پر بیٹھے رہتے۔ دل کیا تو میری طرف دیکھ لیتے۔ ایک اچٹتی ہوئی نظر ڈال لیتے۔ اور بس۔
اتنی بھی بےاعتنائی کیسی۔ مگر ذہن میں ان کی تصویر محفوظ ہے۔ وہ کام سے کام رکھتے۔ کام کی بات کرتے۔
میں بچپن میں جب بیمار ہوتا، پہلے گھر کے نسخے آزمائے جاتے۔ اگر ٹھیک نہ ہوتا، تو پھر ڈڈو ڈاکٹر کے پاس لے جایا جاتا۔
ان کا ہسپتال ہمارے گھر سے کوئی آدھ گھنٹے کی مسافت پر تھا۔ تالاب کے کنارے چلتے ہوئے ایک چھوٹی سی سڑک پار کر کے، پھر ریلوے کالونی سے گزر کر، بڑی سڑک آ جاتی تھی۔ سڑک کے پار ڈڈو ڈاکٹر کا ہسپتال تھا۔
اس وقت، جتنا مجھے یاد ہے، کلینک نہیں کہا جاتا تھا۔ ہسپتال یا ڈاکٹر کہتے تھے۔
ڈڈو ڈاکٹر کے ہسپتال کے باہر کوئی ایسا بورڈ نہیں لگا تھا، جس پر کلینک کا نام لکھا ہو۔ بس ان کا اپنا نام لکھا تھا: ڈاکٹر جلال دین۔
اس بورڈ کا نقشہ ذہن میں کندہ ہے۔ ہلکے سبز رنگ کا بورڈ، جو ہلکے پیلے رنگ میں ڈھل چکا تھا۔ اس پر سیاہ لفظوں میں اردو میں ڈاکٹر جلال دین درج تھا۔ ان کی ڈگریاں بھی لکھی تھیں۔
باہر کی دیوار زیادہ اونچی نہیں تھی۔ بس یہی کوئی چار فٹ بلند ہو گی۔ اسی اونچائی کا گیٹ، جو ہمیشہ کھلا دیکھا۔ گیٹ سے اندر داخل ہوں تو صحن تھا۔ صحن میں ایک بڑا درخت تھا۔ کس چیز کا تھا، یاد نہیں۔ کافی گھنا، سایہ دار۔ ایک دو اور درخت ہوں گے۔ تین اطراف کیاریوں میں پھولوں کے پودے لگے تھے۔
صحن کے بیچوں بیچ ایک گول تالاب بنا ہوا تھا۔ اس کے گرد کوئی دو فٹ اونچی حد بندی تھی۔ تالاب پانی سے بھرا ہوتا، جس پر کہیں کہیں کائی بھی جمی تھی۔
صحن کے دائیں جانب ایک برآمدہ تھا۔ مستطیل۔ اس میں داخلے کے لیے بڑا سا دروازہ تھا، جالی دار۔ برآمدے کے اندر بائیں جانب دیوار کے ساتھ بڑا سا بینچ رکھا تھا۔ جس پر مریض بیٹھتے۔ اپنی باری کا انتظار کرتے۔
دائیں جانب دیوار میں ایک کھڑکی تھی۔ یہ دواخانہ تھا، جہاں ڈسپینسر دوائی بناتا، اور پیسے وصول کرتا۔
صحن کے بائیں جانب اسی طرح برآمدہ تھا، جس کے اندر دروازہ ہمیشہ بند نظر آتا۔ اوپر ڈاکٹر جلال کا گھر تھا۔ یہ دو منزلہ عمارت تھی۔
جتنا کچھ میرے ذہن میں محفوظ ہے، یہاں کبھی بھیٹر نہیں دیکھی۔ اگر انتظار کرنا پڑے، تو گنتی کے دو تین مریض ہوتے ہوں گے۔
جس مریض کی باری آتی، وہ اندر کمرے میں جاتا۔ کمرے کا دروازہ لکڑی کا تھا، جس میں جالی لگی تھی۔ یہ دروازہ کھلتا بند ہوتا رہتا۔ جب اندر سے کوئی مریض باہر آتا، تو دوسرا مریض خود اندر چلا جاتا۔
ڈڈو ڈاکٹر عینک لگاتے تھے۔ ان کی عمر اگر میں صحیح اندازہ لگا سکوں، تو کوئی پچاس کے قریب ہو گی۔
ذہن میں ان کی جو تصویر بنی ہوئی ہے، اس میں وہ اپنی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ کہیں کھوئے ہوئے، مگن۔ ان کا چہرہ کچھ لمبوترا تھا، زیادہ نہیں۔ ستواں ناک۔ بائیں طرف مانگ نکلی ہوئی۔ سلیقے سے بنے ہوئے بال۔ رنگ صاف گندمی۔
کوٹ پینٹ میں ملبوس۔ جس کا رنگ بادامی ہوتا۔ ذہن کی تصویر میں یہی رنگ بھرا ہے۔
کمرے میں ایک بڑی میز اور دیوار کے ساتھ چنی ہوئی چند کرسیاں۔ ان کے دائیں ہاتھ میز کے ساتھ لوہے کا ایک سٹول رکھا ہوتا۔ پیلی روشنی دیتے دو تین بلب جل رہے ہوتے۔ ایک لیمپ میز پر روشن ہوتا۔
وہ عینک میں سے مریض کو دیکھتے، نام، عمر پوچھتے۔ بازو پکڑ کر نبض دیکھتے۔ سپیریٹ میں رکھا، تھرمامیٹر نکالتے اور مریض کو دیتے۔ پھر عینک میں سے نظر اوپر اٹھا کر تھرما میٹر کو پڑھتے۔
کمرے کے پار میز کے بائیں جانب مریضوں کو دیکھنے کے لیے بیڈ بچھا تھا۔
بھکا بھوس کی آواز کا ہیولا سا یاد پڑتا ہے، بھاری اور زوردار۔ ڈڈو ڈاکٹر بہت دھیمے انداز سے بولتے۔ مختصر بات کرتے۔ حال پوچھ کر دوائی لکھ دیتے۔
ڈڈو ڈاکٹر کے پاس جانے کا وقت، جو مجھے یاد ہے، اکثر سہ پہر کا ہوتا۔ دھوپ ڈھل رہی ہوتی۔
میں بیمار ہوں یا نہیں، گھر کے کسی فرد کے ساتھ ڈڈو ڈاکٹر کے ہسپتال جانا، ویسے ہی تفریح کا موقع ہوتا۔ دوسرے بچوں کے ساتھ بھی یہی معاملہ تھا۔
ہم صحن میں دوڑتے پھرتے۔ مجھے درختوں پودوں سے شروع سے لگاؤ تھا۔ میں انھیں دیکھنے پہچاننے میں لگا رہتا، کون سے درخت کیا ہے۔ یہ پودا کیسا ہے۔
کبھی اوپر بھی نظر چلی جاتی، جہاں اکثر ان کے گھر کا کوئی فرد کھڑا دِکھ جاتا۔
دلچسپی کا اصل سامان خود صحن کے وسط میں بنا تالاب تھا۔ اس تالاب میں ایک مینڈک بیٹھا ہوتا۔ گہرے سبز رنگ کا، کچھ کچھ پیلا۔ وہ آنکھیں اٹھا کر دیکھتا۔
یہ کوئی چھوٹا موٹا مینڈک نہیں تھا۔ یہی اس کی خاص بات تھی۔ خرگوش سے بھی بڑا۔ بلکہ کُڑک بیٹھی مرغی جتنی بڑی نظر آتی ہے، اس سے بھی بڑا مینڈک تھا۔ کوئی ایک فٹ لمبا اور پونا فٹ چوڑا ضرور ہو گا، کم ہرگز نہیں۔
اتنا بڑا مینڈک دیکھ کر ڈر بھی لگتا، اور اچنبھا بھی ہوتا۔ لیکن یہ ایک حقیقت کی طرح سامنے بیٹھا ہوتا۔ اسے تنگ کرو، پتھر مارو، اشارے سے ڈراؤ، تو بس اپنی جگہ بدل لیتا۔
بچے کوئی نہ کوئی چیز اس پر پھینکنا یا اسے مارنا چاہتے۔ مگر دواخانے میں بیٹھا ڈسپینسر کھڑکی میں سے ایک ہونک لگاتا، بچے پیچھے ہو جاتے۔
چونکہ اتنا بڑا مینڈک عجوبہ تھا، لوگ اسے دیکھ کر حیران ہوتے۔
پر جتنا مجھے یاد پڑتا ہے بڑے لوگوں کو اس سے کوئی زیادہ دلچسپی نہیں تھی۔ سبب اس کا یہ تھا کہ ڈڈو ڈاکٹر کے اکثر مریض وہی ہوتے، جو بوقتِ ضرورت ان کے پاس ہی آتے تھے۔ غالباً اس علاقے کے قرب و جوار میں اور کوئی ڈاکٹر نہیں تھا۔
ڈاکٹر جلال اس ڈڈو کی وجہ سے ہی ڈڈو ڈاکٹر کہلاتے تھے۔
انھیں یہی کہا جاتا، ڈڈو ڈاکٹر۔ ہمارے گھر کبھی کبھی ڈاکٹر جلال نام بھی لیتے تھے۔
اب کچھ یاد نہیں کہ ان کی فیس زیادہ تھی، یا کم۔ مگر میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ ان کی فیس بہت کم ہوتی ہو گی، تب ہی ہمارے گھر والے ان کے پاس جاتے تھے۔
ایک چیز مجھے آج بھی حیران کرتی ہے، اس وقت پیسہ تھا بھی نہیں، اور اس کی اتنی قدر بھی نہیں تھی۔ میں پیسے کی معاشی قدر کی بات نہیں کر رہا۔
یوں کہنا چاہیے کہ وہ پیسے کا نہیں، اشیا کا زمانہ تھا۔
جیسے اصل مقصد ایک دوسرے کے کام آنا تھا، اور یہ لین دین پیسے کے ذریعے ہوتا تھا۔
یہ نہیں کہ پیسہ کمانا ہے، اس لیے ایک دوسرے کے کام آنا ہے۔ جیسا اب ہو گیا ہے۔ بلکہ کام نہیں آنا، صرف پیسہ نکلوانا ہے۔
ڈڈو ڈاکٹر یقیناً مناسب اور کم فیس لیتے ہوں گے۔ یہی وجہ تھی کہ ہمارے محلے کے اکثر لوگ زیادہ بیمار ہونے کی صورت میں انھی کے پاس جاتے تھے۔
دوسرے ڈاکٹر بھی ہوں گے، یہاں وہاں، مگر ڈڈو ڈاکٹر سب کے عزیز ڈاکٹر تھے۔ جیسے وہ شفا دینے کے لیے بیٹھے ہوں۔ پیسے کے لیے نہیں۔ جیسے اپنے آپ اور اپنے کام سے مطمئن۔
اگر میں غلط نہیں تو جب میں ہائی سکول میں داخل ہوا، تب تک میرے گھر والے ڈڈو ڈاکٹر کے پاس ہی جاتے تھے۔ پھر پتا نہیں کیا تبدیلی آئی کہ ریلوے ہسپتال جانے لگے۔
تالاب کے پار جو چھوٹی سڑک تھی، اس سے آگے جا کر جو ریلوے کالونی آتی تھی، یہ ہستپال وہیں تھا۔
ڈڈو ڈاکٹر کے پاس جانا کیوں چھوڑ دیا گیا، میرے پاس اس کا کوئی جواب نہیں۔
اتنا ضرور یاد پڑتا ہے کہ ہمارے گھر کے دائیں طرف دو گھر چھوڑ کر شکیل کا گھر تھا۔ ایک مرتبہ شکیل کی امی ہمارے گھر آئی ہوئی تھیں۔ باتوں باتوں میں انھوں نے میری نانی سے پوچھا، پتا ہے وہ جو ڈڈو تھا، ڈاکٹر جلال کے پاس، وہ مر گیا۔
میں بھی چونکا۔
ہیں، یہ کب کی بات ہے۔ بس ابھی کوئی ہفتہ دو ہفتے گزرے ہیں، انھوں نے بتایا۔
تب مجھے کچھ سمجھ میں نہیں آیا تھا کہ میں کیا کروں۔ مگر یہ احساس اب بھی زندہ ہے، اس وقت بھی یہی محسوس ہوا تھا، جیسے کوئی چیز کم ہو گئی ہے۔
اب وہ تالاب خالی ہو گا۔
پھر یوں ہوا کہ بڑی سڑک سے ادھر جو آبادی تھی، دھوبی گھاٹ تھا وہاں، میں وہاں ٹیوشن پڑھنے جانے لگا، اپنے سکول کے ہی ایک استاد، سلیم صاحب کے پاس۔ ایک مرتبہ باتوں باتوں میں سلیم صاحب نے ڈڈو ڈاکٹر کا ذکر کیا۔
میں پھر چونکا۔
ساتھ بیٹھے ہوئے جاوید سے سرگوشی میں پوچھا، ڈڈو ڈاکٹر ہیں نا۔ ہاں، ہیں، اس نے بتایا۔
مجھے کچھ تسلی ہو گئی۔
آج بھی اتنے برس گزرنے کے بعد، اس تسلی کا احساس باقی ہے۔
ذہن میں ان کی تصویر اسی طرح محفوظ ہے، جیسے انھیں دیکھا تھا۔
ڈڈو ڈاکٹر اپنی کرسی پر بیٹھے ہیں، مطمئن، پرسکون، مگن۔ مریض سے مختصر سی بات۔ پرچی لکھ دی۔ ہدایت دے دی۔ نہ کوئی شتابی۔ نہ تیزی۔
انھوں نے ہلکے سے غصے سے میری طرف دیکھا: اچھا پھر ملیریا ہو گیا۔
نہیں۔ ٹھیک ہوں اب۔
اچھے ہو۔ اور یہ کیا ہے ہاتھوں میں۔ کچھ لکھ رہے ہو۔
میں چپ رہا۔
انھیں جیسے پتا چل گیا کہ میں ان کے بارے میں کچھ لکھ رہا ہوں۔ ارے کیا لکھو گے میرے بارے میں۔
پھر خود ہی بولے۔ ٹھیک ہے۔ لکھو جو لکھنا ہے۔
آپ کی اجازت ہے۔ میں نے پوچھا۔
اجازت۔ کیا مطلب۔ لکھ تو لیا ہے تم نے۔ ان کے انداز میں کچھ شکایت تھی۔ مگر انکار نہیں تھا۔
شکریہ، ڈاکٹر جلال صاحب!
[5 ستمبر، 2019 لاہور]