محمود بوٹی کی ایک صبح [سوانحی یادیں]

صرف اندازہ ہی لگا سکتا ہوں کہ اس وقت میری عمر تین اور چار سال کے گیڑ میں ہو گی۔ کم تو نہیں، اس سے کچھ بڑھ کر ہی ہو سکتی ہے۔ کیونکہ جب ستمبر 1965 کی جنگ ہوئی تو ہم دوسرے گھر میں جا کر رہائش اختیار کر چکے تھے۔ اور میری خالہ کا پورا خاندان، جو ’’داروغہ والا‘‘ میں رہتا تھا، وہ اس جنگ کے سبب ہمارے گھر اُٹھ آیا تھا، اور وہیں رہ رہا تھا۔ ایک دن ہم بچے دوسرے کمرے میں کھیل رہے تھے، تو جنگی جہازوں کی خطرناک آواز سے دہشت زدہ ہو کر ہم چارپائی کے نیچے چُھپ گئے تھے۔ اب میں سوچتا ہوں بھلا یہ کونسی محفوظ جگہ تھی۔

ایک اور بات یہ کہ یہاں جہاں ہم دوسری جگہ رہنے آئے تھے، یہاں آ کر ہی مجھے سکول میں داخل کروایا گیا۔ اور اس وقت بچوں کو پانچ برس سے کم عمر میں سکول میں داخل نہیں کیا جاتا تھا۔ اور اس وقت یہ کے جی، نرسری والے نخرے بھی نہیں ہوتے تھے۔

مجھے کچھ یوں یاد پڑتا ہے کہ میں ستمبر کی جنگ سے پہلے ہی سکول جانے لگا تھا، اور میرا داخلہ دوسری جماعت میں ہوا تھا۔

ہم ابھی پرانے گھر میں ہی تھے، جب میں اپنے نانا کے ساتھ مچھلی کے شکار پر محمود بوٹی گیا تھا۔ نانا کو ہم ابو کہا کرتے تھے، میری بہن اور میں۔ نانا نے مچھلی پکڑنے کا لائسینس بنوایا ہوا تھا۔ میرے ذہن میں ایسی باتیں موجود ہیں کہ لائسینس کی تجدید ہونی ہے۔ اس کی فیس جمع کروانی ہے۔ اور نانا نے مچھلی پکڑنے کا پورا ساز و سامان رکھا ہوا تھا۔ فِشنگ راڈ، ڈوری، گراری، اور دوسری چیزیں۔

اب مجھے کچھ یاد نہیں کہ نانا نے مجھے لے جانے کا ارادہ خود کیا، یا میرے اصرار پر ایسا ہوا۔ پر مجھے یہ کہا گیا کہ منہ اندھیرے اُٹھنا ہے، اور میں ایک آواز پر اُٹھ بیٹھا۔

بہرحال، جو منظر اور تصویریں میری یادداشت میں محفوظ ہیں، ان کے مطابق ایک صبح ہم محمود بوٹی نہر کے کنارے موجود تھے۔

نانا کے پاس سائیکل تھی۔ اور سائیکل کی ہر خرابی کو درست کرنے اور پینچر لگانے کے اوزار بھی تھے۔ ٹائروں میں ہوا بھرنے والا پمپ بھی۔ اور یہ پمپ سائیکل کے ساتھ بندھ جاتا تھا۔ جن جن لوگوں کے پاس سائیکل ہوتی تھی، اس زمانے میں، ان میں سے بیشتر کے پاس یہ اوزار اور سامان مہیا ہوتا تھا۔

ہم سائیکل پر محمود بوٹی گئے تھے۔ صبح کا منظر تھا۔ ہر طرف درخت اور ہریالی۔ ہم نہر کی طرف منہ کر کے کھڑے تھے، تو دائیں طرف امرود کے درختوں کا باغ تھا۔ ہم نے وہاں سے کچھ گرے ہوئے امرود لیے بھی تھے۔ ہمارے پیچھے گھاس سے لدا پھندا میدان تھا۔ یہ بہت بڑی جگہ نہیں تھی۔ وہیں قریب ہی سائیکل اپنے سٹینڈ پر کھڑی کر دی گئی تھی۔ باقی سامان، وغیرہ، موٹے کپڑے کے ایک تھیلے میں ساتھ ہی رکھا ہوا تھا۔

میں حیرانی و خوشی اور طمانیت کے جذبات سے مغلوب ہوؤں گا۔ ایسا تاثر ہی یاد پڑتا ہے۔

نہر کے کنارے سے تھوڑا دور ہی فِشنگ راڈ زمین میں گڑی ہوئی تھی۔ اس کی چوٹی پر بندھی ڈوری کچھ دور نہر کے پانی میں ڈوبی ہوئی تھی۔ اور میری ڈیوٹی اس راڈ پر نظر رکھنا ہو گی۔ مگر میں تین اطراف کی اس ہری بھری دنیا میں کھویا ہوا تھا۔ چوتھی جانب نہر کا تیزرو پانی میرے لیے ایک جدا کشش کا حامل تھا۔

یہ نہر میرے لیے نئی چیز بالکل نہیں تھی۔ کیونکہ جہاں ہمارا پہلا گھر تھا، وہاں گھر کے دروازے سے نکلیں تو چند قدم کے فاصلے پر ہی ایک ندی بہتی تھی، جس کا پانی دائیں سے بائیں آہستہ روی کے ساتھ چلتا رہتا تھا اور اس کا رنگ محمود بوٹی کی نہر کے پانی جیسا ہی تھا۔ جب ہمارے گھر بطخ کے بچے نکالے جاتے، تو نانا انھیں ایک ٹوکری میں ڈال کر ندی میں چھوڑ دیتے، وہ وہاں تیرے رہتے، اٹھکھیلیاں کرتے، پانی میں ڈُبکیاں لگاتے۔ پھر نانا اسی ٹوکری کو نہر میں ڈبو کر بطخ کے بچوں کو اٹھا لیتے، پانی بہہ جاتا اور بچے ٹوکری میں رہ جاتے۔

گو کہ میری پوری توجہ فِشنگ راڈ پر نہیں تھی، اور میرا ذہن اور نظر دونوں بار بار بھٹک جاتے تھے، مگر جب راڈ بہت زیادہ ہِلی تو نانا نے آ کر راڈ کو زمین میں سے اوپر کھینچا اور نہر کی مخالف سمت میں ایک زوردار جھٹکا دیا۔ جا کر دیکھا تو یہ ایک کچھوا تھا۔ نانا نے اسے بھی ایک تھیلے میں ڈال کر رکھ لیا۔

جب گھر واپس آئے تو نانا نے صحن میں ایک گڑھا کھودا، کوئی ایک ڈیڑھ فٹ گہرا ہو گا۔ اس میں پانی بھرا اور کچھوے کو اس میں چھوڑ دیا۔ غالباً یہ چیز میرے لیے بہت دلچسپ ہو گی، تبھی مجھے اچھی طرح یاد رہی۔

محمود بوٹی نہر کے کنارے اور کیا کچھ ہوا، کتنی مچھلیاں ہاتھ لگیں، مجھے کچھ یاد نہیں۔ ہم وہاں سے کب واپس آئے، یہ بھی کچھ یاد نہیں۔ یاد ہے تو بس اس فردوسِ زمینی کے یہ منظر اور تصویریں، جن کا میں نے اوپر ذکر کیا۔

میں سوچتا ہوں کیا ہمارے علاوہ وہاں کوئی اور نہیں تھا۔ یاد نہیں۔ ہاں، ایک آدمی تھا، جو امرود کے باغ کا رکھوالا ہو گا۔ اس سے کیا بات ہوئی۔ نانا نے کیا کہا۔ میں نے کیا کہا۔ اور کیا باتیں ہوئیں۔ کچھ یاد نہیں۔

جو کچھ یاد رہا اور یاد ہے، وہ ہری بھری تصویریں ہیں، امرود کے باغ کی، درختوں کی، گھاس سے بھرے میدان کی۔ نہر کے متحرک منظر کی، اور اس کے مٹیالے رنگ کے تیزی سے بہے جاتے پانی کی۔ خنک ہوا کے احساس کی۔

وہاں اس صبح محمود بوٹی میں، بس میں تھا، اور یہ تصویریں تھیں۔ باقی ہر چیز میرے نانا اور شاید امرود کے باغ کے رکھوالے سمیت، میرے لیے غیرموجود تھی۔

محمود بوٹی کی یہ صبح میرے لیے زمینی جنت کا پہلا نظارہ تھا۔

[15 ستمبر، 2025]

دوسرے سوانحی یاد پارے:
ڈڈو ڈاکٹر
بھکا بھوس

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted