عورت کے اخلاقی وجود کا مسئلہ

جیسے ’’عورتوں کی دنیا‘‘ ہے، اسی طرح ’’مردوں کی دنیا‘‘ بھی ہے۔ مگر اس کے بارے میں بہت کم کم سنا یا پڑھا۔ اس کا سبب یہ ہو سکتا ہے کہ غالباً اس کے بارے میں بہت کم کہا اور لکھا گیا۔ اور اس کا سبب یہ ہو سکتا ہے کہ یہ ’’ظالموں‘‘ کی دنیا ہے، اور مرد اغلباً احساسِ جرم کا شکار ہیں۔

لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ان دو دنیاؤں سے جدا (ویسے اب تو کئی اور دنیائیں بھی شناخت پا رہی ہیں، جیسا کہ مختلف ٹرانس جینڈر دنیائیں)، ایک انسانوں کی دنیا بھی ہے۔

اب مسئلہ یہ ہے کہ انسانوں کی اس دنیا میں صرف ان عورتوں اور مردوں کو داخلہ مل سکتا ہے، جو انسان ہوں۔

تو اب یہ سوال درپیش ہے کہ بھئی انسان کون ہوتا ہے۔ پہلی اور آخری بات یہ ہے کہ یہ اخلاقی اقدار ہیں، جو کسی فرد بشر کو انسان بناتی ہیں۔ یہ نہیں تو ان میں سے کوئی انسان نہیں۔

اخلاقی اقدار کے بعد اگر کوئی اور چیز ہے جس کے بغیر انسان کی تکمیل نہیں ہوتی تو وہ ہے بھروسہ، اعتماد، اعتبار، ٹرسٹ، یقین، کچھ بھی کہہ لیجیے۔

اگر کوئی فرد اخلاقی اقدار پر تو عمل پیرا ہے، مگر اس پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا تو وہ انسان کہلانے لائق نہیں رہتا۔

یہاں یہ کہا جا سکتا ہے کہ جو فرد اخلاقی اقدار پر عمل پیرا ہے اسے قابلِ اعتبار بھی ہونا چاہیے۔ جی بالکل، میں بھی یہی کہنا چاہ رہا ہوں۔ تاہم، میرا مشاہدہ بھی ہے، اور آپ بھی اس پر صاد کریں گے کہ بعض معاملات میں ایسے شخص پر اعتبار کرنا ممکن نہیں رہتا۔ مثلاً پیسے کے لین دین میں، خواتین کے معاملے میں۔ یا اور کچھ معاملات بھی ہو سکتے ہیں، جن کے ضمن میں وہ اس آزمائش پر پورا نہ اتر سکے۔

چلیں، آگے بڑھنے کے لیے ایک یہ بات تو صاف ہو گئی کہ انسان کو جو چیز انسان بناتی ہے، وہ اخلاقی اقدار اور بھروسے کی قدر ہے۔

میں بات کو پھیلانا نہیں چاہتا، مگر یہ اضافہ ضروری ہے کہ بہت سی صورتیں ایسی ہو سکتی ہیں کہ کچھ خاص سماجی اقدار بھی اس مرتبے پر فائز ہوتی ہیں کہ انسان ہونے کے تقاضوں میں ان کا شمار کیے بغیر چارہ نہیں رہتا۔

بھروسہ بھی ان میں سے ایک ہے۔ میں نے اوپر اسی لیے اس قدر کو اخلاقی اقدار کے زمرے سے باہر رکھا تھا۔ عیاں ہے کہ اسے ایک آفاقی قدر کا مرتبہ دیا جانا چاہیے۔ دیا جائے یا نہ دیا جائے بلکہ یہ مرتبہ اسے پہلے ہی حاصل ہے۔

معاملہ یہ ہے کہ ہم جس معاشرے کا حصہ ہوتے ہیں، اس کا سیاق و سباق ہمارے فکری سانچوں میں پیوست ہوتا ہے، پیوست رہتا ہے۔ یہی سبب ہے کہ میں یہ لکھ گیا کہ بھروسے کو ایک آفاقی قدر کا مرتبہ دیا جانا چاہیے، جبکہ یہ مرتبہ تو اسے پہلے ہی حاصل ہے۔

خیر جہاں تک انسان کے تصور کی بات ہے تو کسی حد تک اس تصور کی اساسی خصوصیات بیان ہو گئی ہیں۔ اب اس تصور یا اگر اس تصور سے ایک معیار کا کام لیا جائے تو یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ عورتوں اور مردوں کی دنیاؤں میں سے کون کون انسانوں کی دنیا میں شمولیت کے قابل قرار پاتے ہیں۔

جس طرح مرد کسی عورت کو عورت کی نظر سے دیکھتے ہیں، تا آنکہ وہ اس کے قریب آئیں اور اس کے انفرادی شخص، تشخص اور شخصیت کو جانیں اور اس کے ساتھ کسی قسم کی قربت و انسیت کا تعلق بن جائے یا نہ بنے۔

شاید یہ یہی سیاق ہے جس میں عورتوں کی طرف سے ایک شکوہ اکثر سننے میں آتا ہے۔ یعنی یہ کہ انھیں صرف عورت سمجھا جاتا ہے۔ یعنی یہ کہ انھیں ایک منفرد شخص نہیں سمجھا جاتا؟

جیسا کہ اوپر یہ وضاحت آ گئی کہ جب تک قربت شاملِ حال نہیں ہوتی، اس وقت تک انفرادی و منفرد شخصیت سامنے نہیں آ پاتی۔ مردوں اور عورتوں کے مابین بھی اور عورتوں اور عورتوں کے مابین بھی یہی صورت وقوع پذیر ہوتی ہے۔

یا کسی نے کسی کے بارے میں پہلے سے سن اور پڑھ رکھا ہو۔

تاہم، جب عورتوں کی طرف سے یہ شکایت کی جاتی ہے کہ انھیں صرف عورت سمجھا جاتا ہے، تو اس کی وضاحت نہیں کی جاتی کہ اگر عورت نہ سمجھا جائے تو پھر کیا سمجھا جائے۔

ہاں، اگر وہ بتا دیں کہ یہ سمجھا جائے اور یہ نہ سمجھا جائے تو معاملہ صاف ہو جاتا ہے۔ جیسا کہ یہ کہ انھیں انسان سمجھا جائے۔

اس نقطے پر آ کر مجھے کچھ اپنی بے بسی کا اظہار کرنا ہے۔ کیونکہ کم از کم میری نظر سے ایسی تحریریں نہیں گزریں، جنھیں شہادت سمجھ کر استعمال میں لایا جا سکتا ہو۔ یا کہیں کسی ’’رازدارانہ‘‘ گفتگو میں بھی اس ضمن میں کچھ سننے کو نہیں ملا۔

یعنی خواہ یہ کوئی عورت ہو یا مرد، یہ بات کسی سے بھی سننے کو نہیں ملی کہ کسی عورت نے یہ کہا ہو یا یہ تقاضا کیا ہو کہ اسے انسان سمجھا جائے۔

خود مجھے بہت شروع میں اس معاملے کا شدید احساس تنگ کرنے لگا تھا۔ کیونکہ عورت کے حسن و جمال اور سراپا کی تعریف و تحسین غیرمعمولی اور نہایت مبالغہ آمیز انداز میں کی جاتی تھی۔ شاعری اور خاص طور پر اردو شاعری کو اسی چیز کے دفتر کا نام دیا جا سکتا ہے۔ ویسے کونسی شاعری ہے جو اس ’’تحسین‘‘ سے عاری ہے۔

میری ایک نثری نظم ملاحظہ کیجیے:

ایک امنگ ہے
تہمارے ساتھ رہنے کی
ایک ترنگ ہے
تمہارے ساتھ مٹنے کی
ایک ڈھنگ ہے
تمہیں پسند کرنے کا
دیکھو! مجھے غلط نہ سمجھو
کیا تم چاہو گی
کہ تم شے میں تبدیل ہو جاؤ!
[4 مارچ 1988]

ایک اور نثری نظم:

میں تمہیں چاند یا پھول سے کیسے ملاؤں
تم میں اور اشیا میں
کوئی مشابہت نہیں
تشبیہ، استعارہ
سب جھوٹ ہیں
چیزوں کے وصف سے
جیتے جاگتے انسان کا کیا رشتہ
تہماری کشش
اور اشیا کی خوبصورتی
دو مختلف دنیائیں ہیں
دیکھو! کیا اتنا کہنا کافی نہیں
کہ تم انسان کی طرح حسین
اور اپنی طرح رعنا ہو!
[5 اپریل 1988]

(بلکہ میں کہنا چاہوں گا کہ جیسے بھی ہوا یہ چیز بالخصوص غیررسمی تعلیم و تربیت کا لازمی خاصہ بن گئی ہے، اور نسلوں کی نسلیں اس سے متاثر ہو کر اسی طلسم کا شکار بنی رہتی ہیں۔ اس کی اہمیت کا اندازہ ہمیں یوں ہو سکتا ہے جب ہم یہ خیال کریں یہ ’’تحسین‘‘ موجود ہی نہ ہوتی، یا پھر ایک معمول کی حیثیت سے وجود رکھتی۔)

فرض کر لیتے ہیں کہ کوئی عورت یہ چاہتی ہو کہ اسے انسان سمجھا جائے تو بھی اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اور اگر وہ یہ نہ بھی بتائے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

یہ بات عیاں ہے کہ ہم فطرتاً مرد یا عورت ہوتے ہیں، اور جب ہم شعورکی عمر کو پہنچتے ہیں، یا جب ہمیں یہ ادراک ہوتا ہے کہ ہم اب اس (فیصلہ کن) مقام پر پہنچ گئے ہیں، تو ہمیں ایک مرتبہ پھر یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ ٹھیک ہے ہم مرد ہیں یا عورت، مگر کیا ہم ان صنفی اختلافات کے ساتھ اور باوجود بھی انسان ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔

مجھے کہنے دیجیے کہ یہاں آ کر معاملہ پیچیدگی کا شکار ہو جاتا ہے۔

قریباً تمام کی تمام عورتیں ’’عورت‘‘ رہنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔ جہاں تک مردوں کا تعلق ہے تو مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ بیشتر مرد انسان ہونے کا فیصلہ بھی کرتے ہیں۔

یعنی عورتیں صرف عورت ہونے کا فیصلہ کرتی ہیں، اور مرد مرد ہونے کے ساتھ ساتھ انسان ہونے کا فیصلہ بھی کرتے ہیں۔

سیدھی بات ہے کہ عورت نے عورت ہی رہنا ہے، اور مرد نے مرد (ابھی اس سے جڑے دوسرے معاملات میں الجھنے سے دور رہنا بہتر ہے)۔ لیکن انھیں اس سے آگے بڑھ کر اور بلند ہو کر انسان بھی بننا ہے۔ یہ معاملہ صرف مرد سے تعلق نہیں رکھتا کہ انسان ہونا صرف اس کے لیے مختص ہے۔ گو کہ تاریخِ انسانی کی بیشتر پیش رفت اسی سمت میں ہوئی ہے۔

کہنے سے مراد یہ ہے کہ عورت کے ضمن میں انسان ہونے کا سوال اٹھایا ہی نہیں گیا۔ ہاں، بچپنے کی عمر کو جتنا اور جب تک شمار کیا جائے، اس وقت تک بچے اور بچیاں کم و بیش اکٹھے ہی ہوتے اور رہتے ہیں، ان کے درمیان علاحدگی کی دیوار بعد میں کھڑی ہوتی ہے۔

یعنی اس اکٹھے عرصے میں بچوں اور بچیوں دونوں کو اخلاقی سبق پڑھائے جاتے ہیں۔ جیسا ک سچ بولو، کسی کو نقصان نہ پہنچاؤ۔ چوری نہ کرو۔

اس کے بعد جیسا کہ مردوں کی اور عورتوں کی دنیاؤں کے درمیان سماجی طور پر علاحدگی واقع ہو جاتی ہے، اور ان دنیاؤں میں بچے اور بچیوں کی پرورش اور تربیت کے انداز بھی جدا جدا صورتیں اختیار کر لیتے ہیں۔

بچوں کو مرد کا رول ادا کرنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے، اور اخلاقی تربیت اس تربیت کا اہم حصہ گردانی جاتی ہے۔

جبکہ عمومی طور پر بچیوں کی پرورش و تربیت میں گھرداری، ضروری تعلیم اور بناؤ سنگھار اہمیت رکھتے ہیں۔ یہاں اخلاقی تربیت کسی قطار میں شمار نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ بہت کم گھرانے ایسے ہوتے ہیں، جہاں بچوں اور بچیوں کی پرورش و تربیت میں کسی سوچ سمجھ اور ارادے کا دخل ہوتا ہے۔ یہ پرورش و تربیت بیشتر جیسا کہ معاشرے میں جس ڈھرے پر چل رہی ہوتی ہے، اس انداز میں ہوتی رہتی ہے۔

یعنی کہا جا سکتا ہے کہ یہ پرورش و تربیت کوئی نوے فیصد کے قریب مروج ڈھرے پر ہوتی ہے۔ جہاں کچھ ارادی تربیت کا دخل نظر آتا ہے تو وہ بیشتر برادری اور خاندانی کلچر سے تعلق رکھتی ہے۔ یا بہت شاذ ہوتی ہے۔

جہاں تک اداراتی تربیت کا تعلق ہے، یعنی جیسا کہ سکول، کالج، اور دوسرے ادارے، تو وہاں بھی کوئی اسی نوے فیصد تربیت مروجہ ڈھرے کے مطابق ہی ہوتی ہے۔ اگر کہیں کچھ فرق نظر آتا ہے تو اس کا سبب کوئی تفکر پسند استاد ہو سکتا ہے، یا سربراہِ ادارہ۔

خود میرا مشاہدہ ہے کہ کم عمر بچیاں ابتدائے عمر میں بہت تیزی کے ساتھ بناؤ سنگھار سیکھتی ہیں۔ سیکھ لیتی ہیں۔ جبکہ ان کی مخصوص کرداری تربیت سے متعلق چیزیں، جیسا کہ گھرداری، وغیرہ، سیکھنے کا معاملہ موخر رہتا ہے۔

عیاں رہے کہ جیسا کہ مختلف انواع بھی، مثلاً پرندے، خود کو صاف ستھرا رکھتے اور بناتے سنوارتے ہیں، تو انسان اور بالخصوص عورتوں کے ضمن میں تو یہ چیز غیرمعمولی اہمیت اختیار کر لیتی ہے۔

یہاں تک تو ٹھیک ہے۔ اس سے آگے چلیں تو حیاتیات دان بتاتے ہیں کہ یہ بناؤ سنھگار، جسے زمانہٴ قدیم سے باقاعدہ علم و فن اور ایک ادارے کی حیثیت حاصل رہی ہے، اصلاً صنفِ مخالف کو لُبھانے اور رجھانے کے لیے ہوتا ہے۔

یعنی یہ جو عورتوں کی آرائش و زیبائش کا معاملہ ہے اس میں خاصا دخل اس عامل کا ہے۔ کچھ تو ہے قدر تماشائی کی/ہے جو یہ شوق خود آرائی کا۔ حالیؔ

حیاتیات دان یہ بھی بتاتے ہیں کہ یہ عمل افزائشِ نوعِ انسانی کی منطق سے تعلق رکھتا ہے۔

لیکن میں سمجھتا ہوں کہ باشعور افراد کے جہان میں یہ چیز مختلف انداز اختیار کرتی ہے، اسے مختلف انداز اختیار کرنا چاہیے۔ یعنی انسان خود اپنے لیے بھی زیب و زینت کا سامان کرتا ہے۔ یہ اس کے شعور کا جمالیاتی لازمہ اور خاصہ ہے۔ یہ بات عورت اور مرد دونوں کے ضمن میں یکساں وقعت رکھتی ہے۔

اس مذکورہٴ بالا تفصیل میں جو کہنے والی بات ہے، وہ پیچھے رہی جاتی ہے۔ یعنی یہ کہ عورت کی بیشتر پرورش و تربیت کے دونوں ڈھنگ اسے کلی طور پر ’’عورت‘‘ بنانے پر متوجہ رہتے ہیں۔ اسے انسان بنانے سے جڑی چیزیں کہیں کسی کونے کھدرے میں پڑی فراموش ہو جاتی ہیں۔

کیونکہ بہت حد تک سماج بھی اور خود عورت بھی یہ سمجھتی ہے کہ اس کا عورت ہونا کافی و مکتفی ہے۔

اگر ہم کسی بحران میں گھِرے ایک فرد کا خیال کریں تو اس بیچ یہ ہوتا ہے کہ جو چیزیں ناگزیر ہوں اسے وہی یاد رہ جاتی ہیں۔ یعنی جو چیزیں بقا کے لیے از حد ضروری ہوتی ہیں وہی چیزیں اس کے شعور اور یوں فوری ردِ عمل تک رسائی پاتی ہیں۔

عورتوں کے معاملے کو بھی اسی طرح دیکھا جا سکتا ہے۔ عورت بھی جیسے کسی بحران میں گھِری ہوتی ہے۔ اس کے اپنے وجود کا بحران، یعنی عورت ہونے کا بحران۔

عورت کا یہ بحران کسی نہ کسی طور مرد کے ساتھ منسلک ہونے سے تعلق رکھتا ہے، اور اس ضمن میں جیسا کہ ہمیشہ ایک کمیابی کی صورتِ حال موجود ہوتی ہے، یا ایک مقابلہ چل رہا ہوتا ہے، یعنی مردوں کی طرف سے عورت کے انتخاب کے ضمن میں، تو عورت کو اس بحران کا حل ڈھونڈنا ہوتا ہے۔ صرف اسے نہیں، بلکہ اس کے خاندان کو بھی۔ اور یہ چیز بھی اسی بحرانی کیفیت کا حصہ ہے، یعنی یہ کہ مجموعی طور پر یہی وہ صورتِ حال ہے جس میں اس کے اپنے خاندان کی طرف سے اسے بوجھ خیال کیا جانے لگتا ہے۔ خود عورت کے لیے بوجھ ہونے کا یہ احساس اس کے ذات کے بحران کو دو چند کر دیتا ہے۔

پھر یہ بھی کہ عورت کے لیے عمر کا سوال بھی (مرد کی نسبت) غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔ نہ صرف اس کے حسن و جمال کے اعتبار سے، بلکہ افزائشِ نسل کے اعتبار سے بھی۔ یعنی یہ دونوں چیزیں فطرتاً اس کی عمر سے مشروط ہوتی ہیں۔ (اس میں بھی کسی مرد کا کوئی قصور نہیں!)

یاد رہے میں چیزوں کو اسی طرح بیان کرنے کی کوشش میں ہوں، جیسا کہ وہ معاشرے میں وجود رکھتی ہیں۔ میرے اس بیان میں کمی و بیشی ہو سکتی ہے، اور عموم و خصوص کا فرق بھی۔ لہٰذا، ضروری ہے کہ پڑھنے والے یہ چیزیں جس طرح موجود اور وقوع پا رہی ہیں، انھیں اسی طرح سمجھیں۔ جہاں تک میری رائے کا معاملہ ہے، تو آگے چل کر اسے بھی صاف صاف ظاہر کر دیا جائے گا۔

اوپر جو ایک بات مقدارنہ مفہوم میں لکھی گئی ہے، وہ وضاحت طلب ہے۔ یعنی یہ کہ عورت کے کسی نہ کسی مرد کے ساتھ منسلک ہونے کا سوال۔

بات یہ ہے کہ معاشرے کا ارتقا جس طرح ہوا، اس میں ان چیزوں کی پیش رفت اسی انداز پر ہوئی، جو انداز آج ہمارے سامنے موجود ہے، اور جس کا کچھ بیان اوپر مذکور ہوا۔ اس میں نہ مردوں کا قصور ہے، نہ عورتوں کا۔ ہاں، اس ضمن میں اہم بات یہ ہو سکتی ہے کہ مرد یا عورتین اب کیا رائے رکھتےہیں، یعنی یہ کہ اب اس ضمن میں کیا ہونا چاہیے۔

یعنی یہ کہ جیسے بھی ہوا، لیکن معاشرتی ارتقا نے کچھ ایسی صورتوں کو تشکیل دیا کہ معاشرے میں ایک عموم کے طور پر عورت کے لیے تنہا زندگی گزارنا ممکن نہیں رہا۔ میں کہہ رہا ہوں: ممکن نہیں رہا۔ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ برا سمجھا جاتا ہے، یا اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ گو کہ خود میری رائے یہ ہے کہ عورت کو تنہا زندگی گزارنے کا پورا حق حاصل ہے۔

واپس آتے ہیں انسان بننے کے معاملے کی طرف۔ میں اس بات کو اسی طرح کہہ رہا ہوں، اور میں اس سے یہی مراد سمجھتا ہوں کہ عورتیں، قریب قریب ساری عورتیں انسان بننے کا انتخاب نہیں کرتیں۔ یہ معاملہ ان کے سامنے ہوتا ہی نہیں۔ یعنی وہ عورت ہونے میں خوش اور متمکن رہتی ہیں۔

جو تذکرہ اوپر درج ہوا اس کا منشا یہی ہے کہ عورتیں عورت ہونے اور عورت رہنے میں قائم رہنا چاہتی ہیں۔ اس ضمن میں ایک استدلال یہ بھی ہے کہ جب کبھی کسی عورت کا ذکر ہوتا ہے تو عام طور پر جو سوال اٹھتے ہیں، وہ سوال کچھ بھی ہوں، مگر ان کا تعلق اخلاقی اقدار کی پیروی سے قطعاً نہیں ہوتا۔

یعنی وہی بات: فرشتے سے بڑھ کر ہے انسان بننا/مگر اس میں لگتی ہے محنت زیادہ۔ حالیؔ

بعینہٖ، جب شادی کے لیے رشتے کی بات کا ڈول ڈلتا ہے تو لڑکی کے ضمن میں باقی تمام معاملات زیرِ گفتگو آتے ہیں، لیکن اس کی اخلاقی حیثیت سے متعلق استفسارات کو کوئی جگہ نہیں ملتی۔ بالعموم پہلا سوال حسن و جمال سے تعلق رکھتا ہے، اور بسا اوقات اس سوال کا جواب فیصلہ کن قرار پا جاتا ہے۔ دوسرے معاملات فہرست میں ثانوی اور بعض اوقات ضمنی حیثیت کے حامل بن جاتے ہیں۔

یہاں مجھے یہ خیال آ رہا ہے کہ عورت پسندوں کی طرف سے ایک اعتراض وارد کیا جا رہا ہے۔ یعنی یہ کہ جب شادی کی بات شروع ہوتی ہے تو لڑکے کے ضمن میں بھی اولاً یہ دیکھا جاتا ہے کہ وہ نکھٹو ہے یا کماؤ پوت ہے۔ یعنی وہ اچھا کما رہا ہے یا نہیں۔ بالکل درست۔ کیونکہ گھر کے اخراجات اٹھانے کے ذمے داری سماج کی طرف سے اس کے سر پر ہے، لہٰذا، یہ سوال فطری اور منطقی ہے۔

پھر گھر سے متعلق یہ سوال پوچھا جاتا ہے کہ وہ کرائے پر رہتا ہے یا اپنا یا خاندانی ملکیتی گھر میں رہتا ہے۔ بالکل درست۔

لیکن اہم ترین بات لڑکے کے ضمن میں جس کی تفتیش (’’تحقیق نہیں‘‘) کی جاتی ہے، وہ یہ ہے کہ آیا اس کا کردار ٹھیک ہے، وہ دھوکے باز تو نہیں، فریبی تو نہیں، جھوٹا تو نہیں، کام چور تو نہیں، نشہ تو نہیں کرتا، اس کی صحبت اچھے لوگوں کے ساتھ ہے یا نہیں، وغیرہ۔

اب اگر ان تمام معاملات کا خلاصہ کیا جائے تو یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ اخلاقی طور پر لڑکے کا کردار کیسا ہے۔ یعنی اگر کلیتاً نہیں، تو مجموعی طور پر لڑکے ضمن میں تفتیش کا کا لبِ لباب یہی بنتا ہے کہ اس کا اخلاقی کردار کیسا ہے۔

جبکہ لڑکی کے ضمن میں جو چیزیں مذکور ہوئیں، ان میں اولیت جس چیز کو حاصل ہے وہ ہے لڑکی کی شکل و صورت اور جسم ہے۔ اس کے بعد یہ کہ آیا اسے گھرداری آتی ہے۔ اور پھر دوسرے معاملات، جیسا کہ لڑکی پڑھی لکھی ہے، وغیرہ۔

اب ان تمام باتوں کا خلاصہ یہ بنتا ہے کہ آیا لڑکی دِکھنے میں ٹھیک ہے۔ یا جیسا کہ لڑکے کے ضمن میں ذکر ہوا کہ مجموعی طور پر اس کا اخلاقی کردار ہے جو بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ جبکہ اسی طرح، لڑکی کے معاملے میں مجموعی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ شکل و صورت سے بہتر ہے۔

یہاں دو اور الفاظ یا اصطلاحات کو متعارف کروانا ضروری ہے۔ یہ ہیں، کسی فرد کا ظاہر و باطن۔

جہاں تک لڑکے کی شادی کا معاملہ ہے تو اس کے ضمن میں لڑکے کے باطن کو خاصی اہمیت دی جاتی ہے، اور میں یہ بات بہت محتاط انداز میں کہہ رہا ہوں۔ جبکہ غالباً لڑکے کے باطن کو اس قدر اہمیت دی جاتی ہے کہ اوپر بیان کی گئی چیزوں میں سے کسی ایک یا دو کی موجودگی رشتے کو مسترد کرنے کا سبب بن جاتی ہے۔ یاد رہے یہاں خلاصے کی بات ہو رہی ہے، لڑکے کے ضمن میں ترجیحات کی نہیں۔

جہاں تک لڑکی کا معاملہ ہے تو اس کے ضمن میں جس چیز کو فیصلہ کن اہمیت دی جاتی ہے، وہ اس کا ظاہر ہے۔ اگر میں اس بات کو بھی محتاط انداز سے کہنا چاہوں تو یہ کہوں گا کہ شادی کے لیے جو چیز لڑکی کے انتخاب میں حاوی حیثیت رکھتی ہے وہ اس کا ظاہر ہے۔

یہاں ایک رکاوٹ کو صاف کرنا ضروری ہے۔ یعنی یہ کہ جب لڑکا اور لڑکی خود ایک دوسرے کا انتخاب کرتے ہیں تو پھر اس معاملے کی حیثیت کیا رہ جاتی ہے۔ درست ہے جب بھی ایسا ہوتا ہے تو جب شادی کی بات آتی ہے تو دونوں گھرانوں کی طرف سے جو معاملات اٹھائے جاتے ہیں، وہ وہی ہیں، جن کا ذکر اوپر آ گیا۔ یا پھر اگر لڑکا اور لڑکی دونوں اپنے اپنے گھرانوں کو راضی کر لیں یا عدالت سے رجوع کر لیں۔

یہ ہے وہ قصہ کہانی جس کا انجام یہ ہے کہ عورتوں کی دنیا اور مردوں کے دنیا کے درمیان حائل خلیج پٹنے کے بجائے پھیلتی جا رہی ہے۔ یعنی ان دونوں کی دیناؤں کے مابین فاصلے میں کمی واقع ہونے کے بجائے دوری بڑھتی جا رہی ہے۔

میری ایک نثری نظم ملاحظہ کیجیے:

تمہارے اور میرے درمیان
سات ہزار سال کی تاریخ حائل ہے
رونے دھونے سے کیا ہو گا
آؤ!
چند صدیوں کے لیے اور
ایک دوسرے کو بھول جائیں!
[7 اگست 1988]

اس کی صورت کچھ اس طرح بنتی ہے کہ ایک دائرے میں عورتیں موجود ہیں، اور دوسرے دائرے میں مرد۔ یہ دونوں دائرے خاصی حد تک علاحدہ علاحدہ وجود رکھتے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ صرف جنسی جبلت ہے جس کے سبب دونوں کو قریب آنا پڑتا ہے۔ دوسرا ایک اور عامل بھی انھیں قربت اختیار کرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہ ہے معاشرتی دباؤ۔ کیونکہ معاشرہ دونوں کو اپنے مروجہ ڈھرے پر چلانا چاہتا ہے اور انھیں ایک نیا ڈھرا ایجاد کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ گو کہ اس نئے ڈھرے کے لیے تگ و دو بھی جاری رہتی ہے۔

یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ عورتوں کا دائرہ بائیں جانب واقع ہوا ہے، اور مردوں کا دائرہ دائیں جانب۔ اس کی توجیہہ یہ بھی ہے کہ مرد بالعموم سرمایہ داریت کی روح سے سرشا ہوتے ہیں، اور عورتیں اشراکیت کی روح سے مغلوب ہوتی ہیں۔ مرد کوشش کرتے اور ایک نیا گھرانہ بناتے اور چلاتے ہیں، جبکہ عورتیں اس گھرانے کو اپنی دسترس میں لینے کے لیے کوشاں رہتی ہیں اور بالآخر بیشتر سے بھی زیادہ صورتوں میں کامیاب ٹھہرتی ہیں۔ یعنی مرد کاروبار کا مادہ (Entrepreneur) رکھنے والے ہوتے ہیں اور عورتیں قبضہ داری کا۔ مرد جوڑتے بناتے ہیں اور عورتیں اسے ہتھیا لیتی ہیں۔

معاشرے کا جو بڑا دائرہ ہے، عورتوں اور مردوں کے یہ دائرے اسی کے اندر موجود ہوتے ہیں۔ لیکن جہاں جس مقام پر یہ ایک دوسرے کو قطع کرتے ہیں، وہاں جو ایک نیا دائرہ وجود میں آتا ہے، وہی دائرہ انسانی دائرہ ہے۔ عیاں رہے کہ پوری دنیا میں اس انسانی دنیا کا دائرہ سمٹتا جا رہا ہے۔ اس مظہر کا ایک بڑا اشاریہ طلاقوں کی بڑھتی ہوئی شرح ہے۔ اور پھر گھرانوں میں بڑھتے ہوئے اختلافات اور لڑائی جھگڑے بھی۔

بلکہ ایک اور چیز جو پاکستان میں بھی ایک بڑی علامت کی حیثیت سے ظاہر ہو رہی ہے، وہ لڑکی اور لڑکے کے خاندانوں یعنی دونوں جانب سے مناسب اور پسند کے رشتوں کا فقدان بھی ہے۔

یہ جو عوامل بیان ہوئے بلاشبہ ان کی پشت پر متعدد عوامل اور مزید اسباب بھی کارفرما ہوں گے، جنھیں جنسی، خاندانی، جذباتی، سماجی، معاشی، وغیرہ، خانوں میں رکھا جا سکتا ہو گا۔ تاہم، جس پس منظر کا ایک خاکہ اوپر کھینچا گیا، اس کو سامنے رکھتے ہوئے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ایک آخری عامل جو نہایت غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہو سکتا ہے، وہ اسی مسئلے سے جڑا ہوا ہے، جس کی رو سے عورتیں عورت ہونے کو ترجیح دیتی اور اسی میں تسکین کا وافر سامان مہیا دیکھتی ہیں۔ وہ انسان بننے کی سمت کی طرف گامزن نہیں ہونا چاہتیں۔ یعنی وہ ایک اخلاقی وجود نہیں بننا چاہتیں۔ یعنی مردوں لیے محض ایک جنسی وجود رہنا چاہتی ہیں۔

ایک مرتبہ میرے ایک نفسیات دان دوست نے مجھ سے پوچھا، یہ عورتیں جسم فروشی کیوں کرتی ہیں۔ میرا جواب نہایت مختصر تھا: ایزی منی (Easy money)، یعنی آسان پیسہ۔

مراد یہ کہ عورتیں انسان بننے کے مشکل پسند اور محنت طلب کام کی طرف نہیں آنا چاہتیں۔ یا اگر کچھ عورتیں ایسی ہوں گی بھی تو ان کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہو گی۔ بلکہ شاید اس سے بھی کم۔ یہی سبب ہے کہ جب ہمیں کہیں کسی ایسی عورت کے بارے میں، اور خاص طور پر اس کے شوہر سے یہ سننے کو ملتا ہے کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے ایسی شریکِ حیات ملی، جو یہ ہے جو وہ ہے، تو یقین نہیں آتا کہ اس دنیا میں ایسی کوئی عورت بھی ہو سکتی ہے۔

باایں سبب بیشتر گھروں کی کہانی میں خرابی کا مرکز و محور عورتوں کی نفسیات اور ان کا نفسیاتی وجود ہے۔ وہ ایک ایسی عمر کو پہنچ کر جہاں انھیں جیسا کہ اپنے بیٹے یا بیٹوں کا سہارا مل جاتا ہے، تو وہ اسی شوہر کو ناکوں چنے چبوانا شروع کر دیتی ہیں، جس نے یہ پورا گھر اور گھرانہ بنایا اور بسایا ہوتا ہے۔

اس سے بھی بڑھ کر یہ کہ جب، چلیں، جیسا بھی چھوٹا موٹا گھر بن گیا اور اولاد بھی نرینہ ہے تو عورتیں اپنے آپے میں نہیں رہتیں اور یوں سمجھتی ہیں اب یہ گھر اور گھرانہ انھوں نے اپنی دسترس میں کر لیے ہیں، اور یہ جو شوہر ہے، وہ اب ایک فالتو وجود بن گیا ہے، اور ان عورتوں کے مطابق اس کے لیے بہتر یہ ہے کہ وہ کہیں چلا جائے یا پھر مر جائے، تاکہ وہ بلاشرکت غیرے اس راجدھانی پر فرماں روائی کر سکیں۔

وہ اسی شوہر کو جتلانے لگتی ہیں کہ تم کون ہو، تمہاری اوقات کیا ہے، جس نے انھیں ایک پہچان دی ہوتی ہے اور جو اپنی اوقات کے ساتھ ساتھ ان کی اوقات بھی بناتا ہے۔

ان معاملات کو سمجھنے اور ان کی توجیہہ کا بس ایک ہی انداز ہو سکتا ہے، یعنی نفسیاتی۔ اور یہ وہ نفسیات ہے جسے میں مظلوم کی نفسیات کا نام دوں گا۔

طوالت میں جائے بغیر بس اتنا سمجھ لیجیے کہ مظلوم وہ ہوتا ہے جو خود کو مظلوم سمجھتا ہے۔ بصورتِ دیگر ہر فرد محرومیوں، ناکامیوں، نامرادیوں، اور ظلم و ناانصافیوں، وغیرہ، کا شکار ضرور ہوا ہوتا ہے۔ شاید ہی کوئی خوش نصیب ایسا ہو جسے ان چیزوں سے واسطہ نہ پڑا ہو اور ہر ہر قدم پر خوش قسمتی اس کی قسمت بنتی رہی ہو۔

جہاں تک عورتوں کا تعلق ہے تو وہ یہ یقین رکھتی ہیں کہ وہ مظلوم ہیں۔ معلوم نہیں اس کا سبب ان کا عورت ہونا ہے، یا ایک پدرسری معاشرہ اور نظام، یا ان کا مرد نہ ہونا، یا ان کے لیے مرد کی ہمسری کی عدم دستیابی، یا کچھ اور۔

علاوہ ازیں، صدیوں سے ایک پورا تام جھام بھی موجود ہے جو انھیں یہ یقین دلاتا رہتا ہے کہ ان کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ اور فی زمانہ تو ایک بہت بڑی عورت پسندی اور عورت آزادی کی تحریک بھی پورے لاؤ لشکر کے ساتھ موجود ہے، جس کا مطمحٴ نظر بھی یہی ہے کہ عورت ظلم کی چکی میں پس رہی ہے، اور یہ کہ ظلم کی اس چکی مالک مرد ہے۔

مجھے اس سے انکار نہیں کہ عورت پر ظلم نہیں ہوتا۔ لیکن متعدد سوال ہیں جو جواب چاہتے ہیں۔

کیا مرد پر ظلم نہیں ہوتا؟ کیا بچوں پر ظلم نہیں ہوتا؟ عورتوں پر یہ ظلم کون کرتا ہے؟

صاف بات ہے کہ ظلم مرد کرتا ہے، جیسا کہ میں نے بالکل ابتدا میں بھی لکھا۔

تو کیا عورتیں مرد پر ظلم نہیں کرتیں؟ عورتیں عورتوں پر ظلم نہیں کرتیں؟ عورتیں بچوں پر ظلم نہیں کرتیں؟

عورتیں جہاں جہاں ان کا بس چلے، سب کے سب وہ ظلم دوسروں پر نہیں کرتیں (خواہ وہ مرد ہوں یا عورتیں)، جو جو ظلم وہ سمجھتی ہیں کہ مرد ان پر کرتے ہیں۔ بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر۔

ان سب سوالوں کے جواب اثبات میں ہیں۔

مراد یہ کہ من حیث النوع اور من حیث المجموع یہ سمجھنا کہ صرف مرد ظالم ہیں، ایک غیرفطری، غیرحقیقی اور غیرمنطقی قضیہ ہے۔ اور اس کی پشت پر وہی سازشی نظریہ ایستادہ ہے۔

بالکل اسی طرح یہ سمجھنا کہ من حیث النوع اور من حیث المجموع صرف عورتیں ظالم ہیں، یکساں غیرفطری، غیرحقیقی اور غیرمنطقی قضیہ ہے۔

کوئی بھی شخص کسی دوسرے شخص پر ظلم و زیادتی کا مرتکب ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے مرد ہونا لازم نہیں۔ یا عورت ہونا لازم نہیں۔ یعنی ’’ظلم‘‘ نوعِ انسانی کی کسی ایک صنف کے ساتھ مختص نہیں۔ یہ ایک سماجی و نفسیاتی معاملہ اور مسئلہ ہے۔ یا سیاسی بھی کہہ لیجیے۔

اس سے یہ بات عیاں ہو جاتی ہے کہ اس مسئلے کو اسی انداز میں حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ مرد کو ظالم بتا اور بنا کر۔

بلکہ ایک ایسا اندازِ نظر جو ان معاملات و مسائل کو درست سیاق و سباق میں رکھنے میں مدد دے سکتا ہے اور پھر ان کے حل اور تصفیے میں بھی معاون ہو سکتا ہے، وہ یہی انسانی اندازِ نظر ہے۔

(اس مسئلے کے سیاسی اور قانون حل اس تحریر کے دائرہٴ کار سے باہر ہیں۔)

مختصراً یہ کہ جیسا کہ انسانی معاشرے کی اصل بنیاد جن پر معاشرہ استوار ہے اور جن کے بغیر معمول کے انداز میں برقرار نہیں رہ سکتا، اخلاقی اقدار ہیں، اور ان کے ساتھ منسلک دوسری اقدار بھی۔ اب اگر نوعِ انسانی کی قریباً نصف کے قریب یا نصف سے زیادہ آبادی اخلاقی اقدار کو ماننے سے انکاری ہو اور خود کو ایک اخلاقی وجود میں ڈھالنے سے بھی بچنا چاہتی ہو تو پھر اس مسئلے کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے۔ یا کیسے حل کیا جائے؟

جیسا کہ اوپر ذکر ہوا کہ عورتوں اور مردوں کے دائروں کے درمیان اتصال کا دائرہ تخفیف پا رہا ہے، اور مردوں اور عورتوں کے درمیان اجنبیت بڑھتی جا رہی ہے، یعنی عورت اور مرد دونوں کے دائرے ان کے اپنے اپنے دائروں میں مقید ہوتے جار ہے ہیں، اور انسانی دائرہ سکڑتا جا رہا ہے، تو ایسے میں میری رائے میں جو سمت ہمیں انسانی دائرے کی توسیع کی جانب لے جا سکتی ہے، وہ یہی ہے کہ عورتوں کو اس بات کا قائل کیا جائے کہ وہ اپنے جنسی وجود یعنی نسوانی وجود کو اخلاقی وجود میں بھی ڈھالیں۔ کیونکہ اس تقلیب کے بغیر عورتوں اور مردوں کے دائروں میں اتصال کا رقبہ بڑھنے کے بجائے گھٹ رہا ہے اور گھٹتا رہے گا۔

اور یقیناً اس کے ساتھ ساتھ ان مردوں کو بھی یہ سوچنا ہو گا کہ جو اپنے جنسی وجود یعنی مردانہ وجود کو اخلاقی وجود میں ڈھالنے پر تیار نہیں، اور محض مرد ہونے اور مرد رہنے میں اپنی انا کی تسکین چاہتے ہیں کہ اگر عورتیں اپنے وجود کو اخلاقی وجود میں ڈھال بھی لیں، اگر وہ یعنی مرد ایسا نہیں کرتے تو عورتوں میں ایک مرتبہ پھر انتقامی جذبات بھڑک سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں انسانی دائرہ سمٹ کر مزید چھوٹا ہو سکتا ہے۔

حاصل یہ کہ جو حل یہاں اس تحریر میں تجویز کیا گیا ہے وہ اخلاقی حل ہے، کیونکہ باقی ہر نوع کے حل اس مسئلے پر توجہ نہیں رکھتے۔ یعنی یہ باقی حل یہاں وہاں کچھ درستگی کی کوششوں پر انحصار کریں گے، مگر اصل خرابی جہاں موجود ہے، ان کی رسائی وہاں تک نہیں ہو پائے گی۔

[23 نومبر 2026]

0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted