زندگی جیسے بس دو گھروں میں بنی تھی، گزری تھی۔
یہ دو گھر اب نصف صدی بعد بہت یاد آتے ہیں۔ کچھ بھی نہیں رہا۔ جو کچھ پہلے والا تھا، کچھ بھی باقی نہیں رہا۔
زندگی کا وہ تصور ہی بدل گیا۔ کیا بچپن ایسا ہی ہوتا ہے؟ سب کا بچپن؟
غالباً اس کا سبب یہ ہوتا ہے کہ پہلے خالی چیزیں ہوتی ہیں، چیزوں کا تصور نہیں ہوتا۔ بچپن چیزوں کے ساتھ بنتا ہے، ان کے تصور کے ساتھ نہیں۔
جب بڑے ہوتے ہیں، عمر گزرتی ہے، تو وہ چیزیں یاد آتی ہیں۔ اب ان کا تصور بن چکتا ہے، تبھی تو یاد آتی ہیں۔ اس تصور کا جو چیزیں آج موجود ہیں، ان کے ساتھ موازنہ کیا جا سکتا ہے۔
جو پہلا گھر تھا ہمارا۔ جب بعد میں لڑکپن میں جا کر دیکھا، تو بہت چھوٹا لگا۔
اتنا تنگ تھا یہ۔ پہلے بچپن کے تصور میں بہت بڑا اور کھلا ہے وہ۔
دروازے دو تھے اس گھر کے۔ جہاں ہم رہتے تھے، اس کے دروازے سے داخل ہوں تو خوب کھلا صحن تھا۔ آگے آئیں تو دو کمرے تھے بڑے بڑے۔ ان کے سامنے برآمدہ۔ دروازے کے بائیں جانب نہانے دھونے کا انتظام تھا۔ دائیں جانب ایک اور دروازہ تھا، جو دوسرے گھر میں کھلتا تھا۔ یہاں پردہ پڑا رہتا۔ ویسے جو گھر کا دروازہ تھا، اس میں بھی پردہ ہی پڑا ہوتا تھا، ہاں، رات کو کنڈی لگ جاتی تھی۔
اس دوسرے گھر میں کوئی چار کمرے ہوں گے۔ صحن ہمارے صحن سے کچھ بڑا ہو گا۔ دائیں طرف جو کمرہ تھا، وہ چھوٹا تھا۔ اس میں بڑے ماموں رہتے تھے۔ نانی کے بھائی۔ وہ سکول میں استاد تھے۔ ہمارا خاندان 1940ء ہی میں لاہور منتقل ہو چکا تھا، نوکری کے سلسلے میں۔
دوسرے تین کمرے نہ بہت چھوٹے، نہ بہت بڑے۔ تینوں ساتھ ساتھ بنے ہوئے تھے۔ ان کے سامنے صحن تھا۔
بڑے ماموں اپنی کتابوں میں مگن رہتے۔ کبھی کمرے سے باہر نکلتے، تو بچے سہم جاتے۔ بڑی اونچی آواز سے ڈانٹتے تھے۔ خود اپنے لڑکوں اور لڑکیوں پر بہت رعب تھا ان کا۔
گھر کے سامنے ایک نہر بہتی تھی۔ آج بھی بہہ رہی ہے۔ دروازے سے باہر نکلیں، تو کوئی چار پانچ فٹ کے فاصلے پر۔ تین چار فٹ چوڑائی ہو گی، اس نہر کی۔
ایک منظر آج بھی نظروں میں ٹھہرا ہوا ہے۔ گھر میں بطخ کے بچے نکالے گئے۔ سات آٹھ ہوں گے۔ نانا انھیں ایک ٹوکری میں ڈالتے، اور نہر میں انڈیل دیتے۔ بطخ بھی لے آتے۔ وہ بطخ کے پیچھے پیچھے تیرتے رہتے۔ پھر اسی ٹوکری کو نہر میں ڈال کر نانا انھیں باہر نکال لیتے۔ جیسے کڑھائی میں سے پکوان نکالتے ہیں۔
نہر میں پانی کا بہاؤ تیز نہیں تھا۔ دھیرے دھیرے بہتی تھی۔
مورے سیاں جی اتریں گے پار/ندیا دھیرے بہو۔
ہمارے گھر کا جو دائیں والا کمرہ تھا، میری بہن، امی اور میں، اس میں سوتے تھے۔ گرمیوں میں صحن میں یا برآمدے میں۔ برآمدے کا دائیں والا حصہ باورچی خانہ بنا ہوا تھا۔
دو چیزیں آج تک ناقابلِ فہم ہیں۔ خلا یعنی جگہ یعنی سپیس کا تصور۔ پہلے ہر جگہ بہت کھلی معلوم ہوتی تھی۔ اپنے کمرے، برآمدہ، صحن، سب کھلے کھلے معلوم ہوتے۔ اور آج بھی تصور میں ویسے ہی نظر آتے ہیں۔
مگر بعد میں بڑے ہو کر جب وہ گھر دیکھا، تو بہت چھوٹا معلوم ہوا۔ ٹھیک ہے گھر میں تبدیلی آ گئی تھی۔ کچھ کمرے اور بن گئے تھے۔ مگر رقبہ تو وہی تھا۔ اب وہ دونوں گھر مل کر ایک گھر تھا، مگر تنگ نظر آتا۔ پہلے دو گھر تھے، اور دونوں کشادہ معلوم ہوتے تھے۔
کیا جگہ کی کشادگی کا تعلق، بچپن سے ہے، یا بچوں کے ذہن سے۔ کیا پتا کیا ہے۔
دوسرا ہے وقت کا تصور۔ پہلے بہت وقت ہوتا تھا۔ گزرتا ہی نہیں تھا۔ اور اب جیسے قابو ہی میں نہیں آتا۔ گرفت کر ہی نہیں سکتے اب اسے۔ نکلتا جا رہا ہے ہاتھ سے۔
تو کیا وقت اور اس کے تصور کا تعلق بھی بچپن سے ہے، یا بچوں کے ذہن سے۔ یا یہ کیا ہے۔
جبکہ وقت تو وہی ہے۔ پہلے والا۔ اس کی پیمائش بھی وہی ہے، چوبیس گھنٹے والی۔ منٹ والی، سیکنڈ والی۔ تو پھر کیا چیز بدل گئی۔
میرے اپنے بچپن کی بس کچھ شبیہیں ہیں، جو ذہن کے پردے پر لٹکی ہوئی ہیں۔ یوں یاد آتا ہے مین خود میں مگن رہتا تھا۔
ایک شبیہ میں، میں برآمدے میں بیٹھا ہوں۔ زمین پر اکڑوں بیٹھا ہوں۔ ہاتھ میں ہتھوڑی ہے، اور ایک کیل ہے، جسے زمین میں ٹھونک رہا ہوں۔ پھر باہر نکالتا ہوں۔ پھر ٹھونک رہا ہوں۔ شاید گھنٹوں اسی کھیل میں لگا رہتا تھا۔ اکثر اس انگلی پر چوٹ لگتی تھی، جس سے کیل پکڑی ہوتی تھی۔ مگر کھیل رکتا نہیں تھا۔
اسی زمانے کی ایک تصویر بعد میں ملی۔ خود میں سمٹا سمٹایا۔ اندر کی طرف کھویا ہوا۔ وہ تصویر بھی گم گئی۔ بس اس کی شبیہ رہ گئی ذہن میں۔
نانا ریلوے میں ملازم تھے۔ اب سوچتا ہوں تو یوں لگتا ہے، ہر کام آتا تھا انھیں۔ سائیکل تھی پاس۔ اس کا ہر کام خود کرتے تھے۔ ہر اوزار تھا گھر میں۔ اسی طرح دوسرے کاموں کا معاملہ تھا۔ لکڑی کا کام ہے۔ گھر کی کسی چیز کی مرمت، وغیرہ، ہے۔ سب کچھ خود کرتے تھے۔
یہ تو یاد نہیں کہ ہمارے گھر چکی چلتی تھی یا نہیں۔ مگر دوسرے گھروں میں دو پاٹ والی چکی دیکھی تھی۔ اس میں ہاتھ سے آٹا پِستے ہوئے دیکھا تھا۔ بڑی ممانی اور ان کی بیٹیوں کو چکی کا پاٹ گھماتے دیکھا تھا۔ خود بھی گھمایا تھا اسے۔
نانا شکار پر جایا کرتے تھے۔ مچھلی کے شکار کا شوق تھا انھیں۔ ایک دفعہ کا تو مجھے بھی یاد ہے۔ میں بھی ساتھ گیا۔
ایک مرتبہ وہ شکار سے واپس آئے، تو مچھلیوں کے ساتھ ایک کچھوا بھی پکڑ میں آیا تھا۔ صحن میں ایک چھوٹا سا گڑھا کھودا، اس میں پانی بھرا اور کچھوے کو اس میں چھوڑ دیا۔
جب میں شکار پر ساتھ گیا، تو یہ محمود بوٹی کا علاقہ تھا۔ یہ بعد میں معلوم ہوا۔ ہم صبح صبح نہر کے کنارے پہنچے۔ یہ بی آر بی کی نہر ہو گی۔
امرود کا باغ تھا، نہر کے کنارے۔ وہاں پڑاؤ کیا ہم نے۔ انسان کا نام و نشان نہیں تھا وہاں۔ بس پرندوں کے بولنے اور چہکنے کی آوازیں تھیں۔ سبزہ تھا، اور تیزی سے بہتا ہوا نہر کا پانی۔
اب سوچتا ہوں کہ کتنا خوشگوار منظر ہو گا وہ۔ کتنا خوشگوار منظر تھا وہ۔
نانا نے پھندے میں کچھوے کو پرو کر ڈوری نہر میں پھینکی، اور اس کی گراری اور ڈور کا سرا مجھے پکڑا دیا۔ اور اس کی چھڑی کو زمین میں گاڑ دیا۔ جب کچھ دیر بعد حرکت ہوئی، تو میں نے نانا کو آواز دی۔ انھیں نے آ کر ایک زوردار جھٹکے سے ڈور کو پیچھے کی طرف کھینچا۔ ایک کچھوا تھا۔ اسے پھندے سے نکال کر واپس نہر میں ڈال دیا۔
گھر کے باہر جو گلی تھی، اس کے دائیں طرف جائیں، تو ایک اور لمبی گلی تھی۔ اور سامنے جو گلی تھی، وہ ایک بڑے میدان میں کھلتی تھی جا کر۔ یعنی یہ میدان بھی گھر سے بہت قریب تھا۔
کچھ تعمیر ہونی تھی گھر میں۔ اینٹیں منگوائی گئیں۔ اب اس چیز کا جگہ یا وقت سے کوئی تعلق نہیں۔ جب بعد میں پرانے گھر کی بنیادیں کھودیں تو جو اینٹیں نکلیں، وہ بہت بڑی تھیں۔ اور ان پر اردو میں ’اول درجہ‘ لکھا تھا۔ میرا اندازہ ہے، اب اینٹیں کوئی تیس فیصد کے قریب چھوٹی ہو گئی ہیں۔
خیر میں بھی سر پر کچھ اینٹیں اٹھا کر گھر لا رہا تھا، ہاتھوں سے پکڑا ہوا تھا انھیں۔ اس وقت میری عمر تین برس ہو گی۔ کسی بچے نے شرارت کی اور پیچھے سے دھکا دیا۔ میں گرا تو ایک اینٹ کا کونہ میرے بائیں ہاتھ کی چھنگلیا کے ساتھ والی انگلی کے سرے پر لگا۔ وہ بیچ میں سے پھٹ گئی۔ بس اتنا یاد ہے۔ بعد میں کیا ہوا، کچھ یاد نہیں۔ اور شاید یہ بھی اس لیے یاد رہ گیا، کیونکہ ایک صدمہ تھا بچپن کا، اور پھر یہ کہ اس انگلی کے ایک طرح سے دو منہ بن گئے۔ اب بھی باقی ہیں۔ بچپن میں سے یہ ایک چیز باقی رہ گئی۔
اس گھر میں کوئی چار برس گزارے ہوں گے میں نے۔
پھر جہاں آ کر ہم بسے، وہ جگہ یہاں سے کوئی دو کلومیڑ دور ہو گی پیچھے کی طرف، یعنی بارڈر کی طرف۔ پہلا علاقہ کاپر سٹور کہلاتا تھا۔ اب والا سنگھ پورہ تھا، ریلوے ورکشاپ کی طرف ہم رہے۔
یہاں میرے نانا کی بہن، جنھیں ہم بھی اپنی امی کی طرح پھوپھی کہتے تھے، اور ان کے بیٹے رہتے تھے۔ یہ ریلوے کالونی کے مکان تھے۔ پختہ اینٹوں کے بنے ہوئے۔ اس کے ساتھ کچا مکان بنا ہوا تھا۔ اس میں ایک بڑا کمرہ تھا، جو پھوپھی اور ان کے بیٹے کے پاس تھا، جنھیں ہم ماموں کہتے۔ آگے صحن تھا۔ نہ بہت چھوٹا اور نہ بہت بڑا۔
دروازے سے داخل ہوں تو دائیں جانب نہانے دھونے کی جگہ، اور بائیں طرف مٹی گارے کے بنے ہوئے دڑبے۔
پھر دو کمرے تھے۔ بائیں طرف بنا ہوا کمرہ بڑا تھا، اس کے ساتھ دائیں والا کمرہ چھوٹا تھا۔ ہمارا خاندان یہاں مکین ہوا۔
اس کے پیچھے جگہ خالی تھی، وہاں چار دیواری بنائی گئی۔ اور دو کمرے۔ نہانے دھونے کی جگہ۔ جب یہ گھر بن گیا تھا، ہم لوگ یہاں اُٹھ آئے۔
پھوپھی کی پیٹھ پر کبُھ تھا۔ چھوٹا قد، کوئی چار ساڑھے چار فٹ۔ بہت دلیر عورت تھیں۔ گھر میں بطخیں، مرغیاں، کبوتر، بکری پلی ہوئی تھیں۔
ایک مینا بھی اور ایک گلہری بھی۔ گلہری کی گردن میں ایک پٹا ڈالا ہوا تھا، جو ایک ڈوری سے بندھا تھا۔ ان کے کاندھوں اور سر پر گھومتی رہتی۔ جب اسے کچھ کھلانا ہوتا، تو وہ ایک ہاتھ پر آ جاتی، دوسرے ہاتھ سے اسے کھلاتیں۔ یا وہ کندھے پر بیٹھی ہوتی، اسے ہاتھ پیچھے کر کے کھلا دیتیں۔ مینا کے پاؤں میں ڈوری بندھی تھی، اور وہ کمرے میں ان کی پلنگ پر پھرا کرتی۔ بولتی۔ گلہری بھی اکثر بولتی۔
گھر میں ہر وقت کوئی نہ کوئی رونق لگی رہتی تھی۔ ابھی کبوتروں کی غٹرغوں ہو رہی ہے۔ ابھی بکری ممیا رہی ہے۔ مینا اور گلہری اپنی بولی بول رہی ہیں۔
پھوپھی نے ہندوستان میں گاؤں کی زندگی گزاری تھی۔ ایسا گاؤں، جو ایک طرح سے جنگل کا حصہ تھا، یا جنگل کے ساتھ جڑا ہوا تھا۔ اکثر قصے سنایا کرتیں۔ میں اکثر ان سے باتیں پوچھا کرتا۔ اور وہ سناتیں۔
کس طرح لگڑبگھا بچوں کو گھر سے اٹھا لے جاتا تھا۔ بکریوں کو بھی اس سے بچانا پڑتا تھا۔ کس طرح وہ لٹھ لے کر اس کے پیچھے بھاگتیں۔
ایک دفعہ کیسے دن کے وقت پورے گاؤں میں ہاہاکار مچ گئی۔ ایک لگڑبگھا ایک بچے کو اٹھا کر بھاگا۔ بچہ رویا تو عورت نے شور مچایا۔ اس کے تعاقب میں دوڑی۔ گاؤں کے لوگ جو کچھ ہاتھ میں آیا لے کے اس کے پیچھے دوڑے، شور مچاتے۔ آخرِکار لگڑبگھا بچے کو چھوڑ کر جنگل میں غائب ہو گیا۔
یہ ایک اپنی ہی زندگی تھی۔ کتنی چیزیں تھیں، اس دنیا کی، جنھیں میں نے پھوپھی کی ذات کے ذریعے دریافت کیا، جانا۔
ایک مرتبہ مجھے درختوں کے پتے جمع کرنے کا شوق چرایا۔ نئے سے نئے پیڑ کے ایک دو پتے لاتا اور انھیں کتابوں میں دبا دیتا۔ لاتا تو انھیں پھوپھی کو دکھاتا۔ وہ بتاتیں، یہ کس پیڑ کا پتا ہے۔ ایک پودے کی بات ابھی بھی یاد ہے۔ ہمارے گھر سے جی ٹی روڈ کی طرف آنے والے راستے پر ایک گھر کی دیوار تھی، پختہ دیوار۔ اس میں سے ایک پودے کی ٹہنیاں باہر لٹکیں ہوتیں۔ اس میں سرخ رنگ کے پھول لگے ہوتے۔ ایک دن میں نے پھول سمیت ایک شاخ توڑی۔ پھوپھی نے بتایا، یہ کنیر کا پودا ہے، اس کا پھول ایسا ہوتا ہے۔
مجھے حیرانی ہوتی پھوپھی کے پاس کتنا علم ہے پودوں کا، جانوروں کا۔
اور جب میں سکول جانے لگا تھا، تو اس وقت دنیا کے بارے میں مختلف طرح کی معلومات جمع کرنے کی دھن سوار ہوئی۔ مگر یہ معلومات مختلف رسالوں اور کتابوں سے مل جاتی تھیں۔
اس ریلوے کالونی سے بائیں طرف کو باہر نکلیں، تو ایک بڑا تالاب تھا۔ اس میں ریلوے کی مختلف ورکشاپوں سے گندا استعمال شدہ پانی آتا اور جمع ہوتا رہتا۔ تالاب کے دوسری جانب ایک بڑا پمپ لگا تھا، جو اس پانی کو صاف کر کے ایک حوض میں پھینکتا۔ وہاں سے یہ پانی ایک نالے کے ذریعے آگے کھیتوں میں جاتا۔ اس حوض کے سامنے ایک چھوٹی سڑک تھی، جس کے نیچے سے نالہ بہتا تھا۔ اس پر بنی پُلی کی دیوار پر بیٹھ کر پمپ سے گرتے پانی کو دیکھنا مسحور کن تھا، گو کہ اس میں بدبو بھی ہوتی تھی۔
جو پائپ تھا، کوئی دس انچ چوڑا تو ضرور ہو گا۔ اتنی موٹی پانی کی دھار اور کچھ ہریالے رنگ کی۔
[12 اپریل 2021]
بعد میں جب میں ہشتم جماعت میں تھا، اور جھنگ نانی کے بھائی، جو وہاں سکول میں استاد تھے، اور ممانی بھی وہیں ٹیچر تھیں، ان کے گھر گرمی کی چھٹیاں گزارنے گیا۔ نانی بھی ساتھ تھیں۔ تو وہاں ماموں کا بیٹا راشد اور میں لورلور پھرا کرتے۔ اس زمانے میں، میرا شوق ترقی کرتا کرتا، ڈاک ٹکٹ جمع کرنے تک پہنچ چکا تھا۔ تو ہم وہاں کچہری کا چکر ضرور لگاتے۔ وہاں بہت سے خط اور لفافے ملتے۔ مختلف ملکوں کے بھی ہوتے۔ ان پر سے ٹکٹیں اتار لیتے، انھیں پھینک دیتے۔
ایک دفعہ راشد نے مجھے کہا، گاؤں چلیں بمبی پر۔ ہم پیدل چلتے وہاں پہنچ گئے۔ تب مجھے پتا چلا بمبی کیا ہوتی ہے۔ ایک چھوٹے سے کمرے میں ٹیوب ویل لگا تھا، جس کے باہر ایک حوض بنا تھا، اور اسی طرح، کوئی دس بارہ انچ چوڑے پائپ سے پانی کی دھار، بلکہ دھار کیا دھارا گر رہا تھا۔ آبشار کی طرح۔ حوض میں ایک طوفان برپا تھا۔ پانی کی اچھل کود اور پھر چھینٹوں کا اڑ اڑ کر منہ پر پڑنا۔ پہلے ہم نے پانی میں ہاتھ ڈالے۔ پھر حوض کی دیوار پر بیٹھ کر پاؤں پانی میں ڈالے۔ جب راشد بمبی میں اترا تو میں بھی اتر گیا۔ برف جیسا سرد پانی۔ اور پانی کے تھپیڑے۔
اس بمبی کا تو مزا ہی اور تھا۔ بعد میں بھی کئی بار ایسا موقع ملا۔ جب یونیورسیٹی کے زمانے میں جھنگ ایک دوست کے گاؤں گئے۔ وہ تو ان کی اپنی بمبی تھی۔
پھر جب اپنے بچوں کے ساتھ ہم لاہور کے نواح میں ایک گاؤں گئے، تو وہاں بھی بمبی نظر آ گئی۔ میں نے انھیں اس میں نہانے کے لیے نہیں کہا۔ پانی بھی بہت ٹھنڈا تھا، اور موسم بھی سرد تھا۔
[12 اپریل 2021]